140

ہمسا یہ ممالک پاکستان سے تعلق مضبوط کرنے کے خواہاں

اسلام آباد ۔ ترکی ایران اور روس نے پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تعلقات و عوامی رابطوں کو مزید فروغ دینے کا اعلان کردیا ، نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔

ترکی نے پاکستان کے ساتھ آزادنہ تجارتی معاہدہ جلد طے پا نے کا عندیہ دیا ہے ، ایران نے عزم کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم کیے ہیں دونوں ممالک میں سیاسی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،روس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پاک روس کو معاشی تعلقات کومزیدفروغ ملنا چاہیے ۔تنیوں ملکوں کے پارلیمانی قائدین نے ان خیالات کا اظہار سینیٹ آف پاکستان کے نمائندہ وفد سے ترکی میں یوروشیا پارلیمانی کانفرنس کے موقع پرملاقاتوں میں کیا ہے ۔

یہاں سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے ترکی میں یوروشیا پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کی ہے۔

ترکی کے اسپیکر بن علی یلدرم ، ایران کے اسپیکر علی لاری جانی اور روس کے ڈپٹی چیئرمین ایوان بالا الیاس اماخانوو سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستانی وفد نے ترکش ری پبلک آف ناردرن سائپرس کے اسپیکر سے بھی ملاقات کی ۔ پاکستانی وفد میں سینیٹر محسن عزیز، خوش بخت شجاعت ، نصیب اللہ بازئی ، جنید اکبر اور ارباب عامر ہیں۔ ترک سپیکر بن علی یلدرم نے پاکستانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے عوام پاکستان کو سب سے زیادہ چاہتے ہیں ۔

نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش ہے پاکستان اور ترکی کے درمیان آزادنہ تجارتی معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔ پاک ترکی فرینڈ شپ گروپ کا سربراہ کراچی کے نواجوان کو بنایا گیا ہے۔ پاک ترکی فرینڈ شپ گروپ کے دیگر اراکین کو جلد تعینات کردیا جائیگا۔ ڈپٹی چیرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ترکی پاکستان کا سچا اور قابل اعتماد دوست ہے۔

ترکی اور پاکستان کے درمیان لازوال دوستی ہے ۔ ترکی نے ہر مشکل گھری میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ ترکی نے ایف اے ٹی ایف معاملے پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اس دوران ایران کے اسپیکر علی لاری جانی سے ملاقات کی ہے۔ ایران کے اسپیکر علی لاری جانی کی حالیہ الیکشن میں کامیابی پر عمران خان کو مبارک باد کا پیغام دیا ہے ۔

علی لاری جانی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم کیے ہیں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ دونوں ممالک کو کاروباری رکاوٹوں کو دور کرنے کا حل نکالنا چاہیئے ۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے تاریخی تعلقات ہیں دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ 

پاکستان ایران کو غیر ملک تصور نہیں کرتا ۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مضبوط کیا جائے پاکستان اور ایران کو توانائی کے شعبے میں تعلقات بڑھانے چاہیءں ۔ پاکستان کے وفد نے روس کے ڈپٹی چیئرمین ایوان بالا الیاس اماخانوو سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کیا جائے۔ 

الیاس اماخانوو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو فروغ دیا جائے پاکستان اور روس کو معاشی تعلقات بڑھانے چاہیں۔ پاکستانی وفد نے ترکش ری پبلک آف ناردرن سائپرس کے اسپیکر سے بھی ملاقات جس میں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔