228

الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا

لاہور:  الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات سے قبل آئی جی پنجاب طاہر خان کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات سے قبل آئی جی پنجاب کے تبادلے کا نوٹس لیتے ہوئے طاہر خان کو ہٹاکر امجد جاوید سلیمی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے طاہر خان کو آئی جی پنجاب لگانے کے ایک ماہ دو دن بعد ہی تبدیل کرتے ہوئے امجد جاوید سلیمی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے 2 روز میں وضاحت بھی طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کا تبادلہ کرکے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی۔ آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ آئی جی پنجاب طاہر خان کو حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہٹایا گیا اور کچھ ادارہ جاتی معاملات پر ان سے تساہل ہوا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انتخابات سے 10 روز قبل راتوں رات آئی جی پنجاب کا تبادلہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے لیے کیا گیا ہے، چیف جسٹس آئی جی پنجاب کی تبدیلی کا نوٹس لیں، پی ٹی آئی کے سینئر صوبائی وزیر محمود الرشید کے بیٹے کی گرفتاری پر بھی حکومت آئی جی پنجاب سے خوش نہیں تھی۔ امجد سلیمی کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ گورنر پنجاب چوہدری سرور کے قریبی عزیز ہیں۔