66

ملک میں آج تک خود مختار پارلیمنٹ نہیں آئی‘ خورشید شاہ

اسلام آباد۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 5سال بالکل فری ہوکرحکومت کرے، حکومت کو وقت سے پہلے ہٹائیں گے تو ملک تباہ ہوجائے گا، ہمارے اپنے مفادات ہیں،ہر حکومت اپنا مفاد سامنے رکھتی ہے، ملک کیلئے جذبے سے کام کریں گے تو ہم بہتری کی طرف جائیں گے، 

پاکستان میں آج تک خود مختار پارلیمنٹ نہیں آئی۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں ٹیلنٹ ہے، پاکستانی اداروں کی دنیامیں مثالیں دی جاتی تھیں، غیرملکی ایئرلائنزکوپی آئی اے نے تربیت دی تھی، کیا وجہ دنیا آگے نکل رہی اور ہم پیچھے چلے جارہے ہیں۔خورشیدشاہ نے کہا کہ سیاستدانوں سمیت عوام بھی ان حالات کے ذمہ دارہیں، معیشت،سیکیورٹی سمیت تمام معاملات کے ذمہ دارہم خود ہیں، ہمارے پاس وژن ہے لیکن پلاننگ کا فقدان ہے۔رہنما پی پی نے کہا کہ ہمارے اپنے مفادات ہیں،ہر حکومت اپنا مفاد سامنے رکھتی ہے، ملک کیلئے جذبے سے کام کریں گے تو ہم بہتری کی طرف جائیں گے، ہم تو اس میں پھنسے ہوئے ہیں ڈیم بننا چاہیے یا نہیں بننا چاہیے، ڈیم کیلئے اقدامات کرنے پر توجہ ہی نہیں دی جارہی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے پاکستان میں آج تک خود مختار پارلیمنٹ نہیں آئی، ہر اس ملک نے ترقی کی جس کی پارلیمنٹ مضبوط اور خودمختار ہے، جو قومیں تاریخ سے نہیں سیکھتیں وہ زندہ نہیں رہ سکتیں۔خورشیدشاہ نے کہا پاکستان میں مسلسل 24 سال آمریت رہی یہ تاریخ کا حصہ ہے، ہماری فانڈیشن ہی بگاڑ دی گئی تو ملک کیسے آگے بڑھ سکتا تھا، وزیراعظم عمران خان کو کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں آپ حکومت کریں، پی ٹی آئی 5سال بالکل فری ہوکرحکومت کرے، کوئی پارٹی بھی حکومت میں آئے ہم چاہتے ہیں وہ پانچ سال حکومت کرے۔

انھوں نے مزید کہا نوازشریف دورمیں بھی پارلیمنٹ میں جمہوریت کاساتھ دیا تھا، مسلم لیگ ن کو بھی کہا تھا آپ 5سال مکمل حکومت کریں، حکومت کو وقت سے پہلے ہٹائیں گے تو ملک تباہ ہوجائے گا، تاثرہے اپوزیشن حکومت کیلئے تیاربیٹھی ہے آبادی کے حوالے سے پی پی رہنما نے کہا کہ آبادی کی صورت میں ہم ایٹم بم سے بڑابم تیارکررہے ہیں، آبادی کوایڈریس کرنیکی ضرورت ہے۔