44

پنجاب کے اعتراض کے بعد نئے بلدیاتی نظام میں ترمیم

پشاور۔صوبہ پنجا ب کے اعتراض کے بعدنئے بلدیاتی نظام میں ترمیم کرتے ہوئے ضلع کونسلوں کو برقرار رکھتے ہوئے ٹاؤن اور تحصیل کونسلوں کے خاتمہ کافیصلہ کیاگیاہے اس سلسلہ میں جلد سفارشات کوحتمی شکل دے کرایکٹ تیارکیاجائے گا۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر میں یکساں بلدیاتی نظام لانے کی کوششیں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں قبل ازیں ضلع کونسلیں ختم کرکے ٹاؤن کونسلیں برقرارکھنے کافیصلہ کیاگیاتھا مگر اس پرصوبہ پنجاب کے اعتراض کے بعد اب ضلع کونسل کوبحال رکھاجارہاہے جبکہ ٹاؤن و تحصیل کونسلیں ختم ہوجائیں گی نیبر ہڈاور ویلج کونسلیں برقرارہیں گی تاہم ان کے سربراہ اب ناظم کے بجائے چیئر مین کہلائیں گے ذرائع کے مطابق تمام چیئر مین ضلع کونسل کے اراکین ہونگے ضلع کونسل کا سربراہ ناظم کے بجائے اب میئر کہلائے گا جو براہ راست عوامی ووٹوں کے منتخب کیاجائے گا ۔

ذرائع کے مطابق اتفاق رائے کے بعد اب قانون سازی کو حتمی شکل دی جارہی ہے صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے رابطہ پر تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ نئے نظام کے خدوخال کو حتمی شکل دی جارہی ہے اورجلدقانون سازی کرکے پنجاب ،خیبرپختونخوااور اسلام آبادمیں نیا نظام نافذ کردیاجائے گا جبکہ بلوچستان اور سندھ کو بھی اعتماد میں لینے کی کوشش کی جائے گی