269

ہوٹل، ایئرپورٹ اور بازاروں میں مدد کرنے والے روبوٹس تیار

سیئول: معروف ٹیکنالوجی فرم ایل جی اگلے ہفتے لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرانکس شو میں اپنے تین مددگار روبوٹس پیش کررہی ہے جو انسانوں کی مدد کے لیے بنائے گئے ہیں۔

کمپنی کے مطابق انہیں ایئرپورٹ، ہوٹلوں اور شاپنگ مال میں عوامی رہنمائی اور مدد کے لیے خاص طور پر تیار کیا گیا ہے۔ ان روبوٹ کو ’کلو ای‘ (سی ایل او آئی) روبوٹ کا نام دیا گیا ہے جو انسانوں سے گھل مل جاتے ہیں اور ان کی مدد کرتے ہیں۔

گائیڈ روبوٹ ایئر پورٹ پر پریشان حال مسافروں کو راستہ دکھانے اور ان کی مدد کرنے کے لیے استعمال ہوں گے،  دوسرا صفائی کرنے والا روبوٹ بھیڑ سے پہلو بچاتا ہوا فرش صاف کرے گا جس کے لیے اس میں ویکیوم کلینر نصب کیا گیا ہے۔ اسی طرح  تیسرا لان موونگ روبوٹ ہے جو گھر میں گھوم کر مختلف امور انجام دے گا اور لوگ اسے اسمارٹ فون سے کنٹرول کرسکیں گے۔

’کلوای‘ روبوٹ کا کام کوئی بھی ہو لیکن انہیں ایک  ہی طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ روبوٹ کی باڈی خاص انداز میں بنائی گئی ہے اور گول چہرے والا انٹرفیس ڈسپلے بنایا گیا ہے ۔ ہر روبوٹ دیکھنے میں یکساں لیکن اپنے پروگرام کی بدولت دوسرے سے مختلف ہے۔

میزبان روبوٹ

میزبان یا سرونگ روبوٹ کو ہوٹلوں اور ہوائی اڈوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اسے سیکیورٹی چیک پوائنٹس اور ناکوں پر بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔ اس روبوٹ پر ایک ٹچ اسکرین ہے۔ اس میں ایک ٹرے بھی لگائی گئی ہے جس پر کھانا رکھ کر گاہکوں کی میز تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ یہ سلائیڈ خود کار انداز میں سرکتی ہے۔

ہوٹل پورٹر روبوٹ

ایل جی نے ہوٹلوں میں کام کرنے والا پورٹر روبوٹ بنایا ہے جو مہمانوں کا سامان پہنچاتا ہے اور اس طرح لوگ انتظار کی زحمت سے بچ جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ رقم کی ادائیگی اور ہوٹل میں آمد (چیک ان) اور روانگی (چیک آؤٹ) میں بھی مدد فراہم کرتاہے۔

خریداری میں معاون روبوٹ

شاپنگ روبوٹ کو بڑے شاپنگ مال اور دیگر سپرمارکیٹ میں مدد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس پر بار کوڈ اسکینر لگا ہے اور یہ مکمل شاپنگ لسٹ بھی دکھاتا ہے۔ اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے روبوٹ لوگوں کو بتاتا ہے کہ کونسی شے کہاں رکھی ہے۔

ایل جی کے ترجمان نے کہا ہے کہ روبوٹ اب ان مصروف مقامات پر لوگوں کی مدد کے لیے تیار ہیں اور ایل جی اس پر کام کررہا ہے۔