158

گلبرگ میں ایک ہی گولی نے بہن بھائی کی جان لے لی

پشاور۔پشاور صدر کے علاقہ گلبرگ میں چچا کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ نوجوان نے خود پر فائرنگ کردی گولی نوجوان کے سینے کو چیرتے ہوئے اس کی جوانسالہ بہن کو جالگی جس کے نتیجہ میں دونوں بہن بھائی جاں بحق ہوگئے پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے مسماۃ شفینہ زوجہ سجاد احمد سکنہ ہنگو حال گلبرگ نمبر 2 نے رپورٹ درج کراتے ہوئے گلبرگ پولیس کو بتایا 16 سالہ بیٹے حسنین کئی دنوں سے موبائل فون کا بے تحاشہ استعمال کررہا تھا ۔

جس کی شکایت گزشتہ روز میں نے اس کے چچا کو کردی ، چچا نے حسنین کو ڈانٹ پلاتے ہوئے تھپڑمارے جس پر وہ دلبرداشتہ ہوگیا اور پستول لوڈ کرکے خود پر فائرنگ کرنے کی کوشش کی بھائی کے ہاتھوں میں پستول دیکھ کر 19 سالہ بہن حمامہ نے اسے پکڑ لیا تاہم حسنین نے اپنے سینے پر پستول رکھ فائرنگ کردی اور گولی اس کے سینے کو چیرتے ہوئے اس کی بہن کو جا لگی جس کے نتیجہ میں دونوں شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دونوں راستہ میں ہی دم توڑ گئے۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔ گلبرگ پولیس نے جوانسال لڑکے کی مبینہ خودکشی اور متوفی کی بہن کی ہلاکت سے متعلق مختلف زاویوں پر تفتیش کا آغاز کردیا جبکہ چچا کو بھی شامل کرلیاگیا ہے ۔

اس ضمن میں پولیس کا کہناتھاکہ 174 کے تحت مختلف زاویوں پر تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا اس نے خودکشی کی ہے اور گولی اسی کے جسم سے نکلتے ہوئے اس کی ہمشیرہ کو لگی یا تو پھر دونوں کو قتل کیاگیا ہے پولیس کے مطابق اس ضمن میں چچا کو بھی شامل تفتیش کرلیاگیا ہے جس سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔