77

صدارتی انتخاب ٗفضل الرحمن سے دستبرداری کیلئے رابطہ

اسلام آباد۔ پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی جلد ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے بعد صدارتی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی حمائت کا اعلان کرے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بھی پیپلزپارٹی کے حق میں دستبردار ہو جائیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز پیپلزپارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں پیپلزپارٹی نے صدارتی انتخاب میں بلوچستان نیشنل پارٹی سے حمائت کا مطالبہ کیا۔

پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت اعتزاز احسن اور بی این پی کی قیادت بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کر رہے تھے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان نیشنل پارٹی سے صدارتی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی حمائت کا مطالبہ لر کے آئے ہیں ۔ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے بتایا ہے کہ بی این پی کی ایگزیکٹو کونسل جلد صدارتی انتخاب پر اپنا فیصلہ کرے گی ہمیں امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں ہو گا ۔

سردار اختر مینگل نے پیپلزپارٹی کے وفد کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ سردار اختر مینگل سے بلوچستان کے مسائل پر گفتگو ہوئی ہے اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے بھرپور انداز میں بلوچستان کے مسائل پر گفتگو کی ہے ۔ دو گھنٹہ کی ملاقات میں زیادہ تر بلوچستان کے مسائل پر گفتگو ہوئی ہے سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان خلاء صرف صدر مملکت ہی بھر سکتا ہے جلد صدارتی انتخاب کے لئے پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی فیصلہ کرے گی ۔
بلوچستان کے مسائل کے حل کے خواہش مند ہیں ۔ پیپلزپارٹی کے وفد کی آمد پر خوشی ہوئی ہے ۔میڈیا کے سوالوں کے جواب میں اعتزاز احسن نے بتایا کہ مزید سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطے میں ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان ایک معتبر سیاست دان ہیں ان کا سیاست میں ایک خاص مقام ہے ہم چاہتے ہیں کہ فضل الرحمان صدارتی انتخاب سے دستبردار ہو جائیں مگر مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ ہم ان کے حق میں دستبردار ہو جائیں ۔ جلد مولانا فضل الرحمان کے معاملہ میں پیشرفت ہو گی۔