42

کراچی میں بارش تباہی بن گئی، فنکاروں کا شدید ردعمل

ملک کے سب سے بڑے شہر میں مون سون کی پہلی ہی بارش نے تباہی کے مناظر دکھا دیے، مختلف حادثات میں 15 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے شہر کا انفرااسٹرکچر ایک بار پھر بے نقاب کر دیا۔ کئی علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، جبکہ نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔

چاند رات کے موقع پر منعقد کیا گیا بڑا ایونٹ "کراچی کامنز" بھی آندھی اور بارش کی نذر ہو گیا، جہاں اسٹالز اور سجاوٹ کا سامان بری طرح متاثر ہوا۔

حیدری مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں سے تباہی کی ویڈیوز سامنے آئیں، جہاں پانی جمع ہونے اور تیز ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے۔

دوسری جانب شوبز شخصیات بھی اس صورتحال سے محفوظ نہ رہ سکیں۔ معروف اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ سمیت کئی فنکار سڑکوں پر پھنس گئے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر شہر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

شہریوں اور فنکاروں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے انفرااسٹرکچر کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ ہر بارش کے بعد پیدا ہونے والی ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق موسمی حالات مزید بارشوں کی نشاندہی کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔