74

ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب

راجن پور: پنجاب اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے۔

حلقہ پی پی 296 راجن پور میں ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار اویس دریشک بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے نومنتخب ایم پی اے طارق دریشک کے انتقال کے باعث حلقہ پی پی 296 سے نشست خالی ہوگئی تھی۔ پارٹی کی جانب سے طارق دریشک کے بھائی اویس دریشک کو ٹکٹ دیا گیا جو بلامقابلہ کامیاب ہوگئے۔

راجن پور کے ریٹرنگ آفیسر محمد جاوید کے مطابق حلقہ پی پی 296 میں 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، تاہم 4 امیدوار اویس دریشک کے حق میں دستبردار ہو گئے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن آفس میں بیان حلفی بھی جمع کروائے۔ امیدواروں کے دستبردار ہونے سے اویس دریشک بلا مقابلہ ایم پی اے منتخب ہو گئے۔ ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آفس سے جلد جاری کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ طارق خان دریشک اگست کے اوائل میں برین ہیمرج کے باعث خالقِ حقیقی سے جاملے تھے۔