63

انتخابات میں ہارا نہیں ہروایاگیا ‘غلام بلور

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے کہاہے کہ وہ حالیہ الیکشن ہارے نہیں ہیں بلکہ ان کو ہروایاگیاہے ہمیں نہ تو مہم چلانے د ی گئی نہ ہی ہمارے ووٹروں کو ووٹ ڈالنے دیا گیا ضمنی الیکشن میں سارا حساب کتاب برابر کردیں گے اپوزیشن کی تقسیم سے حکومت کوفائدہوگاوہ گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے ساتھ بات چیت کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ گنتی کے وقت ہمارے تمام پولنگ ایجنٹوں کو نکال باہر کیا گیا پہلے ہمیں کہاگیاکہ مہم نہ چلائیں گھروں سے باہر نہ نکلیں آپکی جانوں کو خطرہ ہے اورجب ہم نے مہم چلانے کی کوشش کی تو ہمارے بچوں کوشہید کیاگیا ہارون بلور صرف ہمارا بچہ نہیں تھا وہ پوری قو م کابیٹا تھا میں ہررات اٹھ ان لوگوں کو بددعائیں دیتاہوں جنہوں نے ہمارے بچوں کو شہید کیا۔

ہارو ن بلور کے ساتھ تین چار پولیس اہلکار ہوا کرتے تھے مگر چیف جسٹس کے حکم پر ان سے سیکورٹی واپس لے لی گئی تھی اب میں انصا ف کے لیے کہاں جاؤں اورکس کادروازہ کھٹکھٹاؤں انہوں نے کہاکہ صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کے انتشار کافائدہ حکومتی ا میدوار کو ہی ملے گا کچھ لوگوں کی اپنی مجبوریاں ہونگی مگرمیری خواہش ہے کہ اپوزیشن تقسیم نہ ہو اور متحدرہے ۔

اگر پی پی پی نے اپناامیدواردستبردار کرالیا تو پاکستان کی سیاست میں بڑی تبدیلی آسکتی ہے انہوں نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہاہے پچیس جولائی کو تمام ترزیادتی کے باوجودہم نے صبر کا دامن تھامے رکھا مگراب ہم واضح کرناچاہتے کہ ا ب کوئی زیادتی کی گئی توکسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ہم اس بات کی ضمانت نہیں د ے سکتے کہ ہمار ے کارکنان اس زیادتی پرخاموش رہیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت میں آنے کے بعد عمران خان کو پتہ چل گیاہے کہ کہنے اور کرنے میں کتنافرق ہوتاہے ہمیں انتظارہے کہ وہ پچاس لاکھ مکانات اور ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے لیے کب عملی اقدامات کرتے ہیں اب تک انکی بڑی کاکردگی پاک پتن کے ڈی پی او کے تبادلے کی صور ت میں سامنے آچکی ہے ۔