77

خیبرپختونخوا اسمبلی سے ووٹ مانگنے آیاہوں‘عارف علوی

پشاور۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صدارتی امیدوار عارف علوی نے کہا ہے کہ ،منتخب ہونے پر صدر پاکستان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھاؤں گا،تحریک انصاف کی حکومت تمام صوبوں کو ان کے حقوق دے گی اور کسی کے ساتھ بھی کوئی ذیادتی نہیں ہوگی۔

انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں اپنی پارٹی کے ارکان سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ،سینیٹرفدامحمد اوردیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ روایت بن چلی ہے کہ ووٹ مانگنے کے لیے خود جانا پڑتا ہے اس لیے میں بھی خیبرپختونخوا میں اراکین اسمبلی سے ووٹ مانگنے آیاہوں ۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تو ہماری حکومت ہے لیکن مرکزی حکومت عمران خان کی قیادت میں جو تبدیلی لائے گی وہ بلوچستان اورسندھ میں بھی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ایک کروڑنوکریوں اور پچاس لاکھ گھربنانے کے لیے کام شروع کردیاگیاہے کیونکہ یہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا اورمنشور ہے اورہم اس پر عمل درآمد کرکے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بطورصدر میری خواہش ہوگی کہ سادگی اپنائی جائے جس سے اخراجات بھی کم ہونگے اور معاشرے میں بہتری بھی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ انھیں خیبرپختونخوا سے بھاری اکثریت سے کامیابی ملے گی جبکہ پنجاب اور قومی اسمبلی سمیت دیگر صوبائی اسمبلیوں سے بھی ہمیں زیادہ ووٹ ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کا عہدہ وفاق کی علامت ہوتاہے اور میں بحیثیت صدر تمام آئینی ذمہ داریاں نبھاؤں گا ،اس عہدہ کا تقاضا ہے کہ یہ غیر سیاسی ہو اس لیے میری توجہ غیرسیاسی مسائل کے حل پر رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد تک ہیلی کاپٹر کا استعمال کرنا بے وقوفی ہوگی۔

اس لیے میں کراچی ،اسلام آبادآنے جانے کے لیے ہیلی کاپٹرکااستعمال ہرگز نہیں کرونگا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو ان کے جائز حقوق بھی ملیں گے اور ان کے مسائل کو بھی حل کرنے کے لیے کام کیاجائیگا ،عمران خان پورے ملک کے وزیراعظم ہیں اور وہ پورے ملک کے مسائل حل کرینگے۔