69

غیر رجسٹرڈ سرمایہ کاروں کیخلاف شکنجہ تیار

لاہور۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے غیر رجسٹرڈ سرمایہ کاروں، مہنگے ڈاکٹرز اور سیلز ٹیکس ادا نہ کرنے والے ریسٹورنٹس و ہوٹلز مالکان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے کارروائی تیز کرتے ہوئے نوٹسز جاری کر دیئے ۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے بی ٹی بی زون نے کروڑوں روپے کی بے نامی بنک ٹرانزیکشنز کرنے والے غیر رجسٹرڈ سرمایہ کاروں کی نشاندہی کرلی، غیر رجسٹرڈ ڈاکٹرز کی آمدن کا حجم جاننے کیلئے بھی تفصیلات اکٹھی کرلی ہیں۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر بی ٹی بی سلمان نوید بٹ کا کہنا ہے کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے بے نامی ٹرانزیکشنز کرنے والوں کو نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب ایف بی آر نے شہر میں قائم غیر رجسٹرڈ شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کا ریکارڈ بھی مرتب کرلیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر ناصر جمال شاہ کا کہنا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی اور ایف بی آر ہیڈ کوارٹر سمیت مختلف متعلقہ اداروں سے بھی ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔غیر رجسٹرڈ سرمایہ کاروں کا ریکارڈ تو مرتب کرلیا گیا تاہم ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے بی ٹی بی زون کو افرادی قوت اور گاڑیوں کی قلت سمیت دیگر وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔