794

پشاور میں ماربل کارخانے بند کرنیکا فیصلہ

پشاور۔ورسک روڈ پر واقع ماربل کارخانوں کو فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث قرار دیتے ہوئے انہیں بند کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ٗ کارخانہ مالکان کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے نوٹسز جاری کر دیئے گئے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر اور ضلع ناظم پشاور کو مراسلے ارسال کر دیئے گئے ہیں ناظم اصحاب بابا زرعی ٹاؤن (سابق ٹاؤن 2)فرید اللہ خان کافور ڈھیری کے مطابق ماربل کارخانوں کے مالکان کو پہلے بھی نوٹسز جاری کئے گئے تھے کہ وہ اپنی حدود کے اندر کنویں کھود کر ماربل کا آلودہ پانی اس میں پھینکیں تاہم ان کارخانوں کے مالکان نے تاحال کوئی اقدام نہیں کیا۔

جس پر انہیں ایک مرتبہ پھر نوٹسز جاری کر دیئے ہیں جس میں انہیں ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جس کے بعد انتظامیہ ازخود ان ماربل کارخانوں کو بند کریگی انہوں نے کہا کہ ڈی سی اور ضلع ناظم کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں اگر وہ آپریشن میں حصہ نہ لیں تو ٹاؤن ٹو انتظامیہ ازخود کاروائی کریگی انہوں نے کہا کہ وہ آپریشن کی خود نگرانی کرینگے اور ورسک روڈ پر واقع تمام ماربل کارخانوں کو بند کیا جائیگا فرید الہ خان کافورڈھیری نے مزید کہا کہ ماربل کارخانوں کا آلودہ پانی نکاسی آب میں شامل ہوتا ہے جس کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے