102

خیبر پختونخوا میں صحت کے ڈویژنل دفاتر کے قیام کی تجویز

پشاور۔خیبرپختونخوا میں محکمہ صحت کے ڈویژنل ڈائریکٹریٹس قائم کرنے کی تجویزپر غور شروع کر دیا گیا ہے جس پر مزید پیش رفت ڈائریکٹریٹ ہیلتھ فاٹا کی تحلیل اور قبائلی اضلاع کے ڈویژنوں میں شامل ہونے کے بعد ہوگی ڈویژنل ڈائریکٹریٹس میں گریڈ 20کا افسر ڈویژنل ڈائریکٹر ہوگا جو تقرریوں و تبادلوں سمیت اپنے ڈویژن کے اندر دیگر دفتری امور کیلئے بااختیار ہوگا محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بین الاضلاعی تبادلوں اور دیگر امور کیلئے دور دراز کے اضلاع سے فائلیں ڈائریکٹریٹ جنرل ہیلتھ سروسز بھجوائی جاتی ہیں جہاں پر تمام فائل ورک ہوتا ہے ۔

اس دوران بیشتر امور التواء کا شکار بھی رہتے ہیں فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت دیگر دور دراز کے قبائلی اضلاع کے کیسز بھی مستقبل میں پشاور ہی بھجوائے جائینگے اسی کے پیش نظر محکمہ صحت کے حکام نے قبائلی اضلاع کے خیبر پختونخوا کے ڈویژنوں میں شامل ہونے اور ڈائریکٹریٹ ہیلتھ فاٹا کی تحلیل کے بعد ڈویژنوں کی سطح پر ڈائریکٹریٹ قائم کرنے کی تجویز دی ہے تاہم اس تجویز پر پیش رفت مذکورہ صورتحال کے بعد سامنے آئے گی ۔