255

پشاور میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا ناظم جاں بحق

پشاور۔پشاور کے نواحی علاقہ پیر بالا میں سابقہ دشمنی کی بناء پر چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں پیپلز پارٹی کا ناظم جاں بحق جبکہ اس کا بھائی معجزانہ طور پر بچ گیا ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔

عمران اللہ ولد ہاشم کان ساکن پٹوار بالا نے رپورٹ درج کراتے ہوئے متھرا پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے بھائی فرمان اللہ کے ہمراہ گاڑی میں شہر جارہا تھا کہ راستہ میں پیر بالا کے مقام پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نہار علی ولد وکیل ساکن گڑھی خائستہ خان اور عدنان ولد جمیل ساکن چمکنی نے اُن کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں اس کا بھائی فرمان اللہ متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ وہ بال بال بچ گیا، عمران اللہ کے مطابق ملزمان کے ساتھ ان کی سابقہ دشمنی چلی آرہی ہے جو واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ 

پولیس کے مطابق مقتول فرمان اللہ کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا اور یونین کونسل پٹوار بالا کا ناظم بھی تھا تاہم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیاہے۔