111

پاپ کارن سے بنے بہت کارآمد روبوٹ

نیویارک: کورنیل یونیورسٹی کی ایک ٹیم نے پاپ کارن استعمال کرتے ہوئے ایک بہت دلچسپ روبوٹ بنایا ہے جو انگلی نما ساخت رکھتا ہے۔ اس سادہ روبوٹ سے کسی شے کو گرفت کرنے کا کام لیا جاسکتا ہے۔

یونیورسٹی کے پروفیسر کرسٹین ایچ پیٹرسن اور طالب علم اسٹیون سیرون ایسا سستا روبوٹ بنانا چاہتے تھے جو پھیل سکے، اپنی سختی میں تبدیلی لائے اور اشیا کو تھامنے کا کام کرسکے۔ اس لیے ان کے ذہن میں پاپ کارن کا خیال آیا جو آسانی سے دستیاب ہیں اور مکئی سے پاپ کارن بنتے وقت دس گنا تک پھیل سکتے ہیں۔

ٹیم نے ایسے پاپ کارن کا انتخاب کیا جس میں کوئی کیمیکل شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے مختلف اقسام کی مکئی اور ان سے پھوٹنے والے پاپ کارن پر بھی غور کیا۔ پھر سب سے زیادہ پھیلنے والی مکئی کو روبوٹ سازی میں استعمال کیا گیا۔ ابتدائی طور پر انگلی نما سادہ روبوٹ تیار کیا گیا۔