کراچی: غذائی علوم کی رو سے اگرپھلوں کی بات کی جائے تو ہر موسم اور ہر رنگ کے پھل کھانا ہی صحت کے لیے بہترین نسخہ ہے۔
لیکن ماہرین کا پرزور اصرار ہے کہ قدرت کے کارخانے میں بعض پھلوں کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ اب اس کی سائنسی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔ تو کیوں نہ پہلے ناشپاتی کے فوائد پر بات ہوجائے۔
ناشپاتی، وزن گھٹانے کی اِکسیر
مناسب جسامت کی ناشپاتی میں اسی وزن کے سیب کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ فائبر ہوتا ہے۔ پھر ناشپاتی میں پایا جانے والا فائبر جسم میں بہت تیزی سے حل ہوکر اس کا حصہ بنتا ہے۔ اگر آپ وزن گھٹانا چاہتے ہیں تو اس پھل کو ضرور آزمائیے کیونکہ یہ بھوک کو دباتی ہے اور اندھا دھند کھانے سے بچاتی ہے۔
اور ہاں! ناشپاتی کا جادوئی فائبر کولیسٹرول کو قابو میں رکھتا ہے۔
خوبانی، ایک خوب غذا
خوبانی وٹامن سی سمیت دوسرے مفید فائٹو کیمیکلز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ایک فرحت بخش پھل ہے۔ یہ خلیاتی سطح پر ٹوٹ پھوٹ روک کر جسم کی تعمیر کرکے کئی امراض سے بچاتی ہے جن میں کینسر سرِفہرست ہے۔
اس میں موجود وٹامن اے بینائی کا محافظ ہے جو انفیکشن سے بھی بچاتا ہے اور دماغی اعصاب کو تقویت دیتا ہے۔ اسی لیے بچوں کو خوبانی ضرور کھلائیے۔
پوٹاشیم سے بھرپور کیلے
کیلوں میں موجود پوٹاشیم پٹھوں اور عضلات کو بہتر بناتا ہے اور خلیاتی سطح تک معدنیات اور ضروری مائعات کے بہاؤ کو جاری رکھتا ہے۔ پابندی سے کیلے کھانا بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔
کیلوں میں موجود مفید اجزا ہاضمے کو بڑھاتے ہیں اور معدے کو طاقت دیتے ہیں۔ کمزوری میں فوری طاقت کےلیے کیلے کا شیک ضرور آزمائیے۔
وٹامن سی اور آڑو
آڑو میں موجود وٹامن سی جسم کےلیے بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ جسم کو تقویت دے کر اسے امراض سے لڑنے کے قابل بناتا ہے۔
آڑو میں موجود فائبر کی بلند مقدار مضرِ صحت کولیسٹرول ’’ایل ڈی ایل‘‘ کو قابو میں رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی آڑو کے بیش بہا فوائد ہیں۔
اندرونی جسمانی سوزش کا علاج: آلو بخارا
آلو بخارے کی رنگت ہمیں اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ پاکستان میں بکثرت اگنے والے آلو بخارے میں پولی فینولز اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ ان کی تھوڑی مقدار بھی پیٹ بھرنے کا احساس دلاتی ہے اور وزن گھٹانے میں معاونت کرتی ہے۔
پیٹ اور آنتوں کو بہتر حالت میں رکھنے میں بھی آلو بخارے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان میں وٹامن کے، میگنیشیم اور پوٹاشیم کی کچھ مقدار بھی موجود ہوتی ہے۔
سیب کھائیے، ڈاکٹر بھگائیے
ایک سیب روزانہ کھانے سے ڈاکٹر یوں دور رہتا ہے کہ سیب میں ایسے تمام اجزا موجود ہیں جو آپ کو بیمار ہونے نہیں دیتے۔
سیب کھانے سے فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے اور جسم کو مناسب مقدار میں فائبر بھی ملتا ہے۔
امریکی ماہرینِ غذائیات کے مطابق سیب کو چھلکے سمیت کھائیے کیونکہ چھلکوں میں چھپے اہم اجزا بھی صحت کے محافظ ہیں۔
انگور کے درجنوں فوائد
انگور فوری طور پر توانائی فراہم کرنے والا پھل ہے۔ سرخ انگور اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر اہم مفید اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں۔
اس کا باقاعدہ استعمال پھیپھڑوں اور سانس کی نالی کو صحت مند رکھتا ہے۔
روایتی حکمت میں انگور کے 40 سے زائد فوائد لکھے ہیں۔ یہ کمزوری دور کرتا ہے، خون بناتا ہے اور سرطان کی روک تھام کرتا ہے۔