عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں انزائٹی یا ڈپریشن میں مبتلا افراد کی تعداد 32 کروڑ 20 لاکھ سے بھی زائد ہے۔
انزائٹی کے شکار افراد میں سے 66 فیصد افراد جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک میں رہتے ہیں جب کہ اس مرض میں مبتلا افراد کے حوالے سے دوسرا بڑا خطہ افریقا ہے۔
تاہم انزائٹی کے شکار افراد امریکا اور یورپی ممالک کے خوشحال افراد بھی ہیں۔
اس مرض میں مبتلا زیادہ افراد کی عمریں 30 سے 60 سال کے درمیان ہیں، تاہم یہ مرض کم عمری میں بھی لاحق ہوتا ہے۔
اس مرض یا ذہنی کیفیت میں آرام کے لیے اگرچہ متعدد غذائیں موجود ہیں، تاہم کچھ ایسی عام غذائیں بھی ہیں جنہیں اس کو کنٹرول کرنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے، تاہم درحقیقت ایسا نہیں ہوتا۔
سائنس جرنل ہیلتھ لائن کے مطابق انزائٹی، ڈپریشن، گھبراہٹ اور پریشانی جیسی کیفیات میں عام طور پر لوگ منشیات کرتے ہیں اور ان کا خیال ہوتا ہے کہ ایسا کرنا ان کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔
تاہم جدید سائنسی تحقیقات کے مطابق منشیات سمیت دیگر غذائیں اور مشروبات جنہیں انزائٹی، ڈپریشن اور پریشانی میں مدد گار سمجھا جاتا ہے، لیکن درحقیقت وہ اس میں مزید اضافے کا باعث بنتی ہیں۔
درج ذیل غذائیں یا مشروبات ایسے ہیں جنہیں ڈپریشن، پریشانی یا انزائٹی کے وقت استعمال کرنے سے اس کیفیت یا مرض میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
منشیات/ شراب و سگریٹ نوشی
ہیلتھ لائن کے مضمون کے مطابق ڈپریشن یا پریشانی کے وقت شراب یا سگریٹ نوشی سمیت دیگر منشیات اس میں کمی کے بجائے اضافے کا باعث بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منشیات انسانی جسم کی نمکیات، نیند اور ذہنی سکون میں خلل پیدا کرتی ہے، اس لیے یہ سمجھنا کہ پریشانی میں مددگار ہوتی ہے یہ بے وقوفی ہے۔
کیفین / کافی / چائے
اگرچہ چائے اور کافی میں پائے جانے والے مادے کیفین کے انسانی صحت پر کئی بہتر اثرات ہوتے ہیں، تاہم متعدد رپورٹس کے مطابق یہ انزائٹی یا ڈپریشن میں کمی کے بجائے اس کے اضافے کا باعث بنتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ مقدار میں چائے یا کافی پینا ڈپریشن یا انزائٹی میں مزید پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔
تاہم ماہرین نے پریشانی کے وقت کم مقدار میں چائے یا کافی پینے کی تجویز کو مسترد نہیں کیا۔
برگر/پاپڑ/ چپس
عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ برگر، پاپڑ، سلانٹی اور چپس ہلکی پھلکی اور موڈ تبدیل کرنے کی غذائیں ہیں اور یہ پریشانی کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
تاہم کچھ تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق برگر، سلانٹی اور پاپڑ میں شامل شگر، کولیسٹرول اور دیگر اجزاء انزائٹی بڑھانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔