119

کیا عامر خان، عمران خان کی جیت کا جشن منانے پاکستان آئیں گے؟

کراچی: پاکستانی گلوکارواداکارعلی ظفر نے بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد پاکستان آنے کا اپنا وعدہ یاد دلایاہے۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان کے پوری دنیا میں کروڑوں مداح موجود ہیں لیکن خود عامر خان سابق پاکستانی کرکٹراور پاکستان  کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے بہت بڑے مداح ہیں اور ان کے جذبے اور قوم کے لیے کچھ کرنے کی لگن کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

آج سے تقریباً 6 برس قبل عمران خان نے بھارت میں ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی تھی، اس تقریب میں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی موجود تھے۔ تقریب کے میزبان نے جب عامر خان سے عمران خان کے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرنے کے لیے کہا تو عامر خان نے سب سے پہلے عمران خان کی تعریف کی اور کہا آپ نےتمام سوالوں کا بہت اچھے طریقے سے جواب دیا۔

عامر نے عمران خان کے جنون کی تعریف کرتے ہوئے کہا آپ کا جو خواب ہے اپنے وطن کے حوالے سے میری طرف سے دعائیں ہیں کہ آپ کا یہ خواب ضرور پورا ہو۔ میری دعا ہے کہ پاکستان میں ایسی حکومت آئے جو واقعی پاکستان کے مسائل حل کرسکے اور جو پاکستان میں خوشحالی لائے۔ یہ نہ صرف پاکستان کے لیے اچھا ہوگا بلکہ ہمارے لیے بھی اچھا ہوگا۔

عامر خان نے مزید کہا میری دعائیں ہیں آپ کی جو نیت ہے آپ اس میں کامیاب ہوں ، میرا دل کہتا ہے کہ آپ ضرورکامیاب ہوں گے کیونکہ آپ کئی سالوں سے اس مشن کو لے کر چل رہے ہیں ، جب آپ نےیہ مشن  شروع کیا تھا اس وقت سے آپ کو بہت سے  چیلنجز کا سامنا تھا، ان چیلنجز کے باوجود آپ اب تک اپنے مشن میں اٹل ہیں۔

بعدازاں عمران خان نے عامر خان کو 2013کے الیکشن سے قبل پاکستان آنے کی دعوت دی تھی جس پر عامر خان نے کہا تھاجب آپ الیکشن جیتیں گے تو آپ میں کی جیت کا جشن منانے کے لیے پاکستان آؤں گا اور اکیلا نہیں بلکہ بہت سارے بھارتیوں کوساتھ لے کر آؤں گا۔

عمران خان 2013 کا تو نہیں 2018 کا الیکشن جیتنے میں ضرور کامیاب ہوگئے ہیں اور بہت جلد وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ لہٰذا اب سوشل میڈیا پرعامر خان کی یہ ویڈیو گردش کررہی ہے اور لوگ ان سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا عامرخان اپنا وعدہ پورا کریں گےاورعمران خان کی جیت کا جشن منانے پاکستان آئیں گے۔

دوسری جانب نامور پاکستانی گلوکار واداکارعلی طفرنے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے عامر خان کو ان کا وعدہ یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ یہی وقت ہے، آپ کے پاکستان آنے کا۔