پشاور۔تھانہ بڈھ بیر کے علاقے ماشوگگر محلہ حاجی خیل میں 10 مرلے پلاٹ کے تنازعہ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے چچا اور بھتیجا جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
ہادی الرحمن ولد بہادر خان ساکن ماشوگگر محلہ حاجی خیل نے رپورٹ درج کراتے ہوئے تھانہ بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے بھائیوں جمال ، نجیم اور بھتیجوں طیب اور سجاد کے ہمراہ اپنے کھیتوں میں گھاس کاٹنے میں مصروف تھا کہ اس دوران ملزمان عزیز، نثار، سیفور پسران عبد الرحمن اور طارق ولد نثار ساکنان ماشوخیل حاجی خیل نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں اس کا بھائی نجیم ، بھتیجا طیب لگ کر موقع پر ہی جاں بحق اور دوسرا بھتیجاسجاد شدید زخمی ہوگیا جبکہ وہ اور اس کا دوسرا بھائی جمال بال بال بچ گئے۔
ہادی رحمن نے بتایا کہ ملزمان کے ساتھ اس کے بھائی نجیم کی 10 مرلے پلاٹ پر تنازعہ چلا آرہا ہے جو واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔