246

ٹویٹرنے سست کنیکشن کے لیے ٹویٹر لائٹ متعارف کرادیا

کیلیفورنیا: ٹویٹر نے حال ہی میں اپنا لائٹ ورژن معتارف کرایا ہے جو قدرے ہلکا پھلکا ہے اصل ورژنز کے مقابلے میں نصف ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔

ٹویٹرلائٹ ایپ کے ذریعےسست انٹرنیٹ کنیکشن میں بھی اس کے تمام فیچر استعمال کیے جاسکتے ہیں فوٹو:ٹویٹر

اس کا مقصد ایسے علاقوں میں ٹویٹر کا استعمال بڑھانا ہے جہاں ایک جانب تو موبائل انٹرنیٹ مہنگا ہے یا پھر وہاں موبائل انٹرنیٹ کی سہولیات بہت ناقص ہیں۔

ٹویٹر کے اس ہلکے ورژن کو ٹویٹر لائٹ کا نام دیا گیا ہے جس کا حجم صرف 3 میگابائٹس ہے اور یہ پہلے کے مقابلے میں نصف ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ اس کے ذریعے ویڈیوز، پوسٹس، ٹویٹس ازخود ڈاؤن لوڈ نہیں ہوتیں اور اس کا فیصلہ یوزر کرتا ہے جس سے ڈیٹا کی بچت ہوتی ہے۔

دو ماہ تک فلپائن میں اس کی کامیاب آزمائش کی گئی اور ماہرین کے مطابق اس سے ٹویٹر استعمال کرنے والوں کی تعداد میں ڈرامائی اضافہ ہوا ہے۔

ٹویٹر لائٹ ویب براؤزر کی طرح کام کرتا ہے لیکن یہ یکساں طور پر ٹویٹر ایپ کی طرح دکھائی دیتا ہے تاہم یہ صرف ایک تصویر کے برابر جگہ گھیرتا ہے۔ فلپائن میں متعارف کرانے کے بعد وہاں ٹویٹر استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ بھی دیکھا گیا جو حیرت انگیز امر ہے۔

ٹویٹر کمپنی کے مطابق اگر کہیں ٹوجی اور تھری جی سروس بھی چل رہی ہو تو وہاں بھی یہ ایپ بہت اچھی طرح کام کرتی ہے اور یہ فیصلہ دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹ کی کامیابی کے بعد کیا گیا ہے۔