کراچی: نامور پاکستانی اداکار اور سماجی رہنما حمزہ علی عباسی نے بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے ڈیم فنڈ میں 3 لاکھ روپے جمع کرادئیے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نےملک میں پانی کے بحران کے خدشے کے پیش نظروفاقی حکومت کو فوری طور پر بھاشا اورمہمند ڈیم کی تعمیر کرنے کے لیے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے نام ایک اکاؤنٹ کھولنے کا حکم دیاتھا اور قوم سےڈیموں کی تعمیر کے لیے اس اکاؤنٹ میں پیسہ جمع کرانے کی بھی اپیل کی تھی۔ چیف جسٹس نےڈیموں کی تعمیر کے لیے خود 10 لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا ہے۔
چیف جسٹس کے اس نیک کام میں حصہ ڈالتے ہوئے نامور پاکستانی اداکار، میزبان اور سماجی رہنما حمزہ علی عباسی نے بھی 3 لاکھ روپے جمع کرائے ہیں جس کا ذکر انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا۔ انہوں نے لکھا ’’میں نےاپنے حصے کاکام کردیا ہے، اور اب آپ سب لوگوں سے التجا کررہاہوں کہ آپ بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔ مجھے چیف جسٹس اورسپریم کورٹ پر پورا بھروسہ ہے، انہوں نے یہ فنڈ پاکستان میں پانی کے بحران کی صورتحال کے تحت قائم کیا ہے، مہربانی کرکے آپ سب دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم فنڈز میں حصہ ڈالیں۔‘‘
اس کے ساتھ ہی حمزہ علی عباسی نےایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئےاس بات کی وضاحت کی کہ ’’میں نے یہ پوسٹ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نہیں کی، بلکہ یہ ٹوئٹ کرنے کا مقصد لوگوں کی توجہ ملک میں پانی کے مسئلے کی طرف مبذول کرانا ہے اور میں اس ٹوئٹ کے ذریعے لوگوں سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ اس فنڈ میں ضرور حصہ ڈالیں۔‘‘
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کردہ فنڈمیں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے جب کہ مسلح افواج کے افسران 2 دن اورسپاہی ایک دن کی تنخواہ اس فنڈ میں دیں گے۔
دوسری جانب حبیب بینک کے سربراہ نے ڈیم کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے،اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے تمام ملازمین نے بھی اپنی دودن کی تنخواہیں ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔