113

اب دل کے مریض علاج کے لیے باہر نہیں جائیں گے

کراچی: قومی ادارہ امراض قلب (این آئی  سی وی ڈی) کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اب دل کے کسی بھی  مریض کو بھارت یا بیرون ملک علاج کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

قومی ادارہ امراض قلب میں دل کے تمام امراض کا علاج شروع کردیاگیا ہے، بھارت یا دیگر ممالک سے مکینیکل ہارٹ لگوانے والے مریض اب اپنا چیک اپ قومی ادارے میں کراسکتے ہیں جس کے لیے تمام تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمراورایڈمنسٹریٹرڈاکٹرحمید اللہ ملک نے ایکسپریس کو بتایا کہ اسپتال میں ناکارہ دل کوکارآمد بنانے کیلیے پہلی بار شروع کیے جانے والے ناکارہ دل کوکارآمد بنانے کے پروگرام پرمرحلہ وارعملدرآمد شروع کردیاگیا ہے ان ماہرین کا کہنا تھا کہ قومی ادارے میں پہلی بارمیکنیکل ہارٹ لگانے کے بعد اسپتال کو عالمی سطح پرپذیرائی ملی ہے ان کاکہنا تھاکہ میکنیکل ہارٹ لگانے کے بعد سوشل میڈیا پراسپتال اور ماہرین ٹیم کوشاندارخراج تحسین پیش کیا جارہا ہے جبکہ بھارت سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے ماہرین نے اسپتال میں میکینکل ہارٹ بلامعاوضہ لگائے جانے پرحیرت کا اظہارکیا ہے اورکہا ہے کہ پاکستان میں دل کی بیماریوں میں عالمی سطح کی سہولتیں فراہم کرنااچھا اقدام ہے۔

پروفیسرندیم قمرکاکہنا تھا کہ لگائے جانے والے میکنیکل ہارٹ امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے منظور شدہ ہے انھوں نے کہاکہ اسپتال میںبہترین کوالٹی کا علاج شروع کردیا گیا ہے یہ وہ علاج ہے جو دیگر ممالک میںکروڑوں روپے کے اخراجات آتے ہیں لیکن قومی ادارے میں بلامعاوضہ علاج شروع کردیاگیا ہے۔

میکنیکل ہارٹ لگوانے والی مریضہ کی حالت بہترہونے لگی

قومی ادارہ امراض قلب میں پہلی بار خاتون کولگائے جانے والا میکنیکل ہارٹ کے بعد مریضہ نفیسہ میمن کی حالت بہتری کی جانب ہے۔

میکنیکل ہارٹ لگانے والے معروف سرجن ڈاکٹر پرویز چوہدری کا کہنا تھا کہ نفیسہ کے تمام طبی ٹیسٹ نارمل آرہے ہیں، بلڈ پریشر، نبض ، دل کی دھڑکن وغیرہ سب نارمل ہیں تاہم مریضہ کی مسلسل نگہداشت کی جارہی ہے جس میں پیرا میڈیکل ونرسنگ عملہ ان کی دیکھ بھال کررہا ہے،انھوں نے بتایا کہ قومی ادارہ امراض قلب میں دوسرے مریض کوکل (جمعرات کو) اسپتال میں میکنیکل ہارٹ لگایا جائے گا جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔