41

سرکاری سکیم کے تحت حج شیڈول کا اعلان

اسلام آباد ۔وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے حج شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد اور کراچی سے پہلی حج پروازیں 14 جولائی کو حجاز مقدس روانہ ہوں گی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق عازمین حج اپنا شیڈول ایس ایم ایس اور ویب سائٹ پر دیکھ سکیں گے ۔ اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور ڈاک کے ذریعے بھی عازمین کو ان کی پروازوں کے شیڈول سے آگاہ کرے گی۔

تمام عازمین حج سے درخواست کی گئی ہے تمام حاجی کیمپوں میں جا کر ویکسین کا عمل مکمل کرلیں اور تمام عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز سے دو دن قبل حاجی کیمپ پہنچیں ۔ کراچی سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 14 جولائی کو صبح 2 بج کر 25 منٹ پر حجاز مقدس روانہ ہوگی۔ اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی پرواز صبح 7 بجے روانہ ہوگی جبکہ 15 جولائی کو ملتان سے پہلی پرواز 180 عازمین حج کو لے کر حجاز مقدس روانہ ہوگی۔

اسی طرح فیصل آباد سے جدہ کیلئے پہلی پرواز 17 جولائی کو روانہ ہوگی ۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے دو دن حج پروازوں کے ذریعے 1500 عازمین کو براہ راست مدینہ منورہ روانہ کیا جائے گا۔ حج کے بعد فلائٹ آپریشن 28 اگست سے شروع ہوگا ۔