112

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مصنوعی دل لگانے کا کامیاب آپریشن

کراچی: پاکستان میں پہلی مرتبہ مریضہ کو مصنوعی دل (مکینکل ہارٹ) لگانے کا آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے۔

 ملکی تاریخ میں شعبہ طب نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے اور پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک مریضہ کو مصنوعی دل (مکینکل ہارٹ) لگانے کے لئے کیا گیا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے۔  کراچی میں واقع قومی ادارہ برائے امراضِ قلب میں 62 سالہ خاتون نفیسہ میمن کو مکینکل ہارٹ لگایا گیا۔

ڈاکٹرپرویز چوہدری نے ہارٹ ٹرانسپلانٹسیشن کرنے والی ڈاکٹرز کی ٹیم کی سربراہی کی جب کہ حساس نوعیت کے اس آپریشن میں حصہ لینے والی ماہرین کی ٹیم میں امریکی ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔ آپریشن کی کامیابی کے بعد ڈاکٹرپرویز چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی کی 62 سالہ نفیسہ میمن کو مکینکل ہارٹ لگایا گیا، مریضہ کا دل صرف 15 فیصد کام کررہا تھا، آپریشن تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے جاری رہا جو کامیاب رہا، ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن کے بعد مریضہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ مصنوعی دل ایسے مریضوں کو لگایا جاتا ہے جن کا دل ناکارہ یا کمزور ہوجائے اور اس آپریشن میں تقریباً 5 گھنٹے دکارہوتے ہیں، مکینکل ہارٹ لگنے کے بعد مریض ایک نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوجاتا ہے۔