102

سب سے بڑا مسافر بردار طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا

اسلام آباد ۔دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے اے 380 کی نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ ، واٹر سیلیوٹ سے استقبال کیا گیا ۔ طیارہ 650 مسافروں کو دبئی سے اسلام آباد لے کر پہنچا جبکہ اس میں 878 مسافرں کی گنجائش موجود ہے ۔ اس سے قبل پاکستان کے 42 میں سے کسی بھی ایئرپورٹ پر اتنے بڑے جہاز کے اترنے کی سہولت نہیں تھی ۔

طیارہ دو گھنٹے قیام کے بعد واپس دوبئی روانہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے سپر جمبو جیٹ اے 380 نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتوار کے روز لینڈنگ کی ہے ۔ 10 بوگیوں والی ٹرین جتنے مسافر لانے کی گنجائش والا طیارہ 2005 میں فرانسیسی کمپنی ایئربس نے متعارف کروایا جس میں مجموعی طور پر 878 مسافروں کی گنجائش ہے جبکہ پاکستان میں لینڈنت کے وقت 650 مسافروں کو دبئی سے اسلام آباد پہنچایاگیا ۔

اس سے قبل پاکستان کے تمام 42 ایئرپورٹس میں سے کسی پر بھی سپرجمبو جیٹ اے 380 کے اترنے کی سہولت نہیں تھی لیکن نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یہ سہولت مہیا کی گئی ہے ۔ 4 رولز رائس انجن والے طیارے کا سپر جمبو جیٹ اے 380 کی اونچائی 79 فٹ ، چوڑائی 262 فٹ اور 8200 ناٹیکل میل پر 950 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کی صلاحیت ہے ۔

جبکہ اس جہاز کے ’’پر‘‘ برطانیہ ، اندرونی حصہ جرمنی ، درمیانی حصہ سپین اور انجن کا حصہ فرانس میں تیار کیا گیا ہے ۔ سپر جمبو جیٹ اے 380 اتنا بڑا اور دیوہیکل طیارہ ہے کہ ایئرپورٹ پر اس کے پاس کھڑے طیارے بونے معلوم ہوتے ہیں ۔