70

عام انتخابات کے انعقاد میں16 روزباقی ، تیاریوں پر رپورٹ جاری

اسلام آباد ۔عام انتخابات کے انعقاد میں 16 روزباقی رہ گئے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان تاحال پاور ڈویژن کے ماتحت کام کرنے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں غیر جانبدار تقرریاں یقینی نہیں بنا سکا ہے۔

ملک بھر میں کام کرنے والی 10ڈسکوز اور 3جینکوز بشمول پیپکو کے ایم ڈی( ن) لیگ حکومت کے تعینات کردہ ہیں۔ 60ارب سے زائد مالیاتی ترقیاتی فنڈ سے موجودہ کمپنیاں تاحال لیگی امیدواروں کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

مجوزہ افسران لیگی امیدواروں کے مطالبوں پر ان کے حلقوں میں آج بھی راتوں رات پولز کی فراہمی اور ٹرانسفارمرز کی تبدیلیوں سے ووٹرز کی رائے بدلنے کیلئے راہ ہموار کرنے میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق حکومت نے جاتے جاتے ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کی ذمہ داریاں ادا کرنے والی تقسیم کار کمپنیوں میں من پسند چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتیاں کی تھیں کو تاحال الیکشن کمیشن آف پاکستان کی واضح ہدایات کے باوجود تبدیل نہ کیا جا سکا ہے ۔ نگران حکومت سیکرٹری پاور ڈویژن اور تقسیم کار کمپنیوں کے چھوٹے ملازمین کے تبادلے کے احکامات دے کر خاموش ہو گئی ۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں دور دراز علاقوں میں آج بھی لیگی امیدواروں کی الیکشن مہم میں مگن ہیں۔ آن لائن کو دستیاب سرکاری دستاویزی ریکارڈ کے مطابق بجلی کی دس کی دس تقسیم کار کمپنیز میں اس وقت تک گزشتہ حکومت کے تعینات کردہ سربراہان کام کر رہے ہیں جبکہ ان تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہ ادارے پاکستان الیکٹرن پاور کمپنی کے سربراہ بھی تاحال گزشتہ حکومت کے تعینات کردہ ہیں جو کہ بطور ایم ڈی پیپکو ضروری شرائط پر بھی پورا نہیں اترتے اور انہیں سابق وفاقی وزیر اویس لغاری نے لیگی رہنما امیر مقام کی سفارش پر بطور ایم ڈی پیپکو کا اضافی چارج سونپا جو آج تک گزشتہ حکومت کے گن گاتے نظر آگے ہیں۔ 

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں غیر جانبدار تقرریوں کے لئے ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ملک ذوالفقار اعوان کی طرف سے نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمیشن کو بھی درخواست بھیجی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیپکو جس کے پاس اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈ ہیں کے سربراہ اور اس کے ماتحت کام کرنے والی تقسیم کار کمپنیوں میں غیر جانبدار تقرریاں یقینی نہ بنائے جانے کے سبب جنرل الیکشن میں سابق حکومت کی طرف سے تعینات کردہ ان سی ای اوز کی طرف سے شفاف انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کا قوی امکان ہے۔

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سابق حکومت کے تعینات کردہ تمام افسران کو ہٹا کر مجوزہ سیٹوں پر میرٹ پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کے مجوزہ امکانات ختم ہو سکیں۔ درخواست میں نئے سیکرٹری پاور ڈویژن رضوان میمن سے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کے تبادلوں کی استدعا کی گئی ہے۔