لڑکیاں اورخواتین جب کسی تقریب سے واپس آتی ہیں تو شاید سب سے مشکل کام انہیں اپنے چہرے سے میک اپ صاف کرنا لگتا ہے اوروہ سُستی کے باعث میک اپ صاف کیے بنا ہی سوجاتی ہیں کیونکہ انہیں اندازہ ہی نہیں کہ میک اپ صاف کیے بنا سونا ان کے لیے کتنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
آنکھوں کا انفیکشن
آنکھوں کا میک اپ نکھار میں اہمیت کا حامل ہوتا ہے، تاہم کسی بھی تقریب سے واپسی پر جب آنکھوں پر لگا مسکارا یا دیگر میک اپ نہ ہٹایا جائے تو آنکھیں پہلے لال ہوسکتی ہیں بلکہ خطرناک انفیکشن کا بھی خطرہ ہوتا ہے جو صحیح ہونے میں بہت وقت لیتا ہے۔
چہرے پر نشان
رات سونے سے قبل میک اپ نہ ہٹانے سے آپ کا چہرہ کیل مہاسوں کا شکارہوسکتا ہے۔ رات بھر میک اپ چہرے پررہنے سے چہرے کے مسام متاثرہوں گے جس کے بعد ایسے کیل مہاسے نکل آئیں گے جو بہت مشکل سے جائیں گے۔
چہرے پردانے
میک اپ نہ ہٹانے سے آپ کے صاف ستھرے چہرے پردانے نکل سکتے ہیں جو بعض اوقات چہرے کا انفیکشن بھی بن جاتے ہیں۔
سوکھے ہونٹ
خواتین اور لڑکیاں چاہتی ہیں کہ تقریبات کی واپسی تک ان کی لپ اسٹک کا رنگ اور چمک ماند نہ پڑے تاہم رات بھرلپ اسٹک لگے رہنے سے ہونٹ بہت زیادہ خشک ہوجاتے ہیں جس سے ہونٹوں کا موائسچر ختم ہوجاتا ہے۔
خراب جلد
میک اپ نہ ہٹانے سے کیل مہاسوں اور دانوں کے بعد آپ کی جلد بہت زیادہ خشک اور روکھی ہونے کے ساتھ ساتھ کھچاؤ کا شکار بھی ہوجاتی ہے۔