واٹس ایپ نے گروپس میں گردش کرنے والی جھوٹی خبروں اور سنسنی خیز افواہوں کے روک تھام کے لیے نئے فیچر پر کام کرنا شروع کردیا ہے جو ایسی خبروں کو جانچ پڑتال کے بعد ’ریڈ مارک‘ کردے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تصاویر، ویڈیوز اور پیغام رسانی کی معروف موبائل ایپلیکیشن ’واٹس ایپ‘ کی انتظامیہ نے اپنے پلیٹ فارم سے جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک نئے فیچر کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے جسے مختصر لنک سے مناسبت کی بناء پر ’Suspicious Link Feature‘ کا نام دیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معروف ویب سائٹ ’ویب بیٹا انفو‘ کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ گروپ پر موصول ہونے والی کسی بھی مختصر اور مشکوک لنک والی خبر کی حقیقت جاننے کے لیے پہلے خود اُس لنک کے ذریعے اصل ویب سائٹ پر جاکر جانچ پڑتال کرے گی اور اگر خبر درست نہ ہوئی تو لنک پر سرخ رنگ کا لیبل نمایاں ہوجائے گا اس طرح صارف سرخ رنگ سے نشان دہ لنک کو نظر انداز یا حذف کرسکیں گے۔
یہ فیچر واٹس ایپ صارفین کے لیے جلد دستیاب ہوگی اور یہ واٹس ایپ کے 2.18.204 بیٹا ورژن پر کار آمد ہوگی۔ واٹس ایپ نے یہ اقدام حال ہی میں بھارت میں بچوں کے اغواء کی جھوٹی خبروں اور ویڈیوز کے پھیلاؤ کے بعد اُٹھایا۔ ان افواہوں سے لوگوں میں اشتعال پھیل گیا تھا اور مختلف واقعات میں مشتعل ہجوم نے درجن بھر مشکوک نوجوانوں کو بناء تحقیق کے اغواکار سمجھ کر بہیمانہ تشدد کے بعد ہلاک کردیا تھا۔