78

تھانہ گلبہارکے سامنے بندروڈکھول دیا گیا

پشاور۔چیف کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ گلبہار کے سامنے سڑک پر بس رپیڈ ٹرانزٹ منصوبے کی تعمیر کی وجہ سے بننے والے کھڈوں کو فوری طور پر بھرنے اور سائیڈ پر رکھے بیریئرز کو ہٹانے کا حکم جاری کر دیا۔سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے گزشتہ روز عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ گلبہار کے سامنے گزرنے والی سڑک میں پڑنے والے کھڈوں کو بھرنے اور سڑک کو عام ٹریفک کے لئے فوری طور پر کھولنے کا حکم جاری کرتے ہوئے بی آر ٹی انتظامیہ کو بھی مخاطب کرتے ہوئے عوامی تکلیف کے پیش نظر کام کو جلد از جلد پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یاد رہے کہ بی آر ٹی کی تعمیر کے دوران تھانہ گلبہار کے سامنے زیر زمین گزرنے والی سوئی گیس کی پائپ لائن اور نشتر آباد سے آنے والی نکاسی آب کی ترسیل میں خلل کو درست کرنے کی خاطر ہیوی مشینری کے ذریعے کام کیا گیا تھا ۔

جس سے سڑک میں بھی کھڈے بنے تھے جبکہ روڈ کے سائیڈ پر بیریئرز بھی رکھے گئے تھے۔سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن کی خصوصی ہدایت پر اے ایس پی گلبہار حسن جہانگیر نے فوری عمل در آمد کرتے ہوئے سائیڈ پر رکھے گئے بیریئرز کو فوری طور پر ہٹا کر سڑک کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا۔