50

سالانہ 8ہزار ارب کا ٹیکس اکٹھاکر کے دکھاؤں گا،عمران خان

کوہاٹ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک سال میں 8ہزار ارب روپے اکٹھا کر یں گے ، کرپشن ختم اور ٹیکس کم ،نیب ، ایف آئی اے اور ایف بی آر کو ٹھیک اور پاکستان کو سوئٹزر لینڈ بنا کر دکھاؤں گا ،کوئی قوم تعلیم اور مضبوط اداروں کے بغیر مضبوط نہیں ہوتی اور نہ ہی ترقی کرتی ہے ،مہنگائی ،پانی کی قلت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ،گندے پانی کے باعث 2لاکھ بچے سالانہ مر رہے ہیں،ہم سرکاری سکولوں میں مفت تعلیم دیں گے،ہم تعلیم پر پیسہ لگائیں گے ، مولانا فضل الرحمان کا دوسرا نام مقناطیس ہے جہاں اقتدار ہوتا ہے ۔

وہاں مولانا صاحب ہوتے ہیں ، مولانا کیلئے اقتدار سے باہر رہنا ایسے ہے جیسے پانی کے باہرمچھلی ، اس مرتبہ مچھلی کو پانی نہیں ملنے والا۔ہفتہ کوکوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ شاندار استقبال پر عوام کا شکرگزار ہوں ، اقتدار میں آکر نوجوانوں کے لئے جدوجہد کریں گے ، پاکستان میں آئے روز مہنگائی ہو رہی ہے ، کرک اور ڈی آئی خان کے علاقوں میں پانی کی کمی ہے ، بے روزگاری ،مہنگائی ،پانی کی قلت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، پاکستان میں جتنی قدرتی خوبصورتی ہے اس کی مثال نہیں ملتی ، یہاں ہر طرح کے پہاڑ ہیں ، سوئزرلینڈ سیروسیاحت کی وجہ سے دنیا کا امیر ترین ملک ہے ، ، سوئزرلینڈ کے لوگون کی اخلاقی قدریں ہم سے زیادہ ہیں۔

اگر ہم پاکستان کی زمین درست انداز میں استعمال کریں تو غریب عوام کو اناج بھیج سکتے ہیں ، ہمارے ملک میں تیل، سونے اور کوئلے کے ذخائر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں 12موسم ہیں جہاں ہم ہر چیز اگا سکتے ہیں ، تمام وسائل کے باوجودپاکستان کی آبادی غربت کی لکیر کے قریب زندگی گزار رہی ہے ، ہمارے ہاں ڈھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں ، پاکستان میں بے روزگاروں کی فوج ہے ، گندے پانی کے باعث 2لاکھ بچے سالانہ مر رہے ہیں ۔ دنیا میں ملزموں کو 40گاڑیوں کا پروٹول نہیں ملتا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دوسرا نام مقناطیس ہے جہاں اقتدار ہوتا ہے وہاں مولانا صاحب وہاں ہوتے ہیں ، مولانا کیلئے اقتدار سے باہر رہنا ایسے ہے جیسے مچھلی پانی کے باہر ہے ، اس مرتبہ مچھلی کو پانی نہیں ملنے والا، دنیا کے ممالک کی پولیس اور ادارے مضبوط ہیں ، ہم سرکاری سکولوں میں مفت تعلیم دیں گے ، ہمارے ملک میں غریب کے بچے سرکاری سکولوں میں پڑھتے ہیں اور امیروں کے بچے پرائیویٹ سکولوں میں ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ بیرون ممالک میں بے روزگاری الاؤنس ملتا ہے۔

عدل وانصاف کا نظام انسانوں کو آزاد کر دیتا ہے ، تھوڑے سے لوگ عوام کا خون چوس رہے ہیں ، یہ بار بار اقتدار میں آجاتے ہیں ۔ 10سال قبل پاکستان کا قرضہ 6ہزار ارب روپیہ تھا جبکہ آج 27000ارب روپیہ ہے، پی پی پی اور (ن) لیگ نے پچھلے دس برسوں میں ملک کو تباہی کی جانب دھکیلا، دس سال قبل ہر پاکستانی پر 35ارب قرضہ تھا آج ہر بچہ ایک لاکھ60ہزار روپے کا مقروض ہے ، کرپشن قوم کو مقروض کر کے تباہ کر دیتی ہے ۔عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے لئے اداروں میں اپنے آدمی بٹھا دیے جاتے ہیں ، نوازشریف نے بیرون ملک سفر پر ڈیڑھ ارب روپیہ خرچ کیا ، میں کرپشن ختم کے دکھاؤں گا ، میں نیب ، ایف آئی اے اور ایف بی آر کو ٹھیک کر کے دکھاؤں گا۔

میں ٹیکس کم کروں گا اور اسی قوم سے پیسہ اکٹھا کر کے دکھاؤں گا ، میں پاکستان کو سوئٹزرلینڈ بنا کر دکھاؤں گا ، شریف خاندان اور زرداری خاندان چھٹیاں لندن میں گزارتے ہیں اور حکمرانی پاکستان میں کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ادارے غیر سیاسی ہوتے ہیں تو قوم ترقی کرتی ہے ، ہم سادگی اختیار کریں گے ، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ، میں ایک سال میں 8ہزار ارب روپیہ اکٹھا کر کے دکھاؤں گا ، ہم تعلیم پر پیسہ لگائیں گے ، نمل یونیورسٹی کے 90فیصد طلباء اسکالر شپ پر پڑھ رہے ہیں اور 90فیصد طلباء کو تعلیم کے فوراً بعد ملازمتیں مل جاتی ہیں ، ہم اقتدار میں آکر ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ادارے بنائیں گے ، سوئزرلینڈ میں لوگوں کو اچھی تعلیم ملتی ہے ، کوئی قوم تعلیم اور مضبوط اداروں کے بغیر مضبوط نہیں ہوتی اور نہ ہی ترقی کرتی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ 25جولائی کو عوم نے مجھے ووٹ دینا ہے ، آپ نے شخصیت کو نہیں نظریے کو ووٹ دینا ہے ۔