139

نیلم جہلم پراجیکٹ سے بجلی کی فراہمی دو گنی ہو گئی

لاہور۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر ایک اور اہم ہدف حاصل کر لیا گیاہے ، پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی دو گنا ہو گئی ہے ، پراجیکٹ قومی نظام کو گزشتہ رات سے 484 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے، منصوبے کے دو یونٹ (یونٹ نمبر3 اور 2 )اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کر رہے ہیں ، قبل ازیں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا ایک یونٹ نیشنل گرڈ کو 242 میگاواٹ بجلی مہیا کر رہا تھا ۔تفصیلات کے مطابق منصوبے کے یونٹ نمبر3 نے کامیابی سے اپنا ریلائی ایبلٹی پیریڈ مکمل کر لیا ہے اور اب آپریشن کے لئے اِس کا کنٹرول واپڈا کے پاس ہے ۔ یونٹ نمبر 2 سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے، یہ یونٹ ریلائی ایبلٹی رن پر ہے، جو 72 گھنٹے جاری رہے گا۔یونٹ نمبر4 کو 30 روز پر مشتمل ریلائی ایبلٹی پیریڈ کے لئے تیار کیا جارہا ہے ،جبکہ یونٹ نمبر1 تعمیراتی معاہدے کی رو سے مختلف ٹیسٹ کے مراحل سے گزر رہا ہے اور توقع ہے کہ اگلے ماہ اِس یونٹ سے بھی بجلی کی پیداوار کا آغازہو جائے گا ۔

یعنی نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ستمبر تک اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہوگا ۔ منصوبہ اپنے آپریشن کے دوران ابھی تک نیشنل گرڈ کو 31کروڑ 10 لاکھ یونٹ سے زائد بجلی فراہم کر چکا ہے ۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جدید انجینئرنگ کا حامل پن بجلی منصوبہ ہے ، اِس منصوبے کا 90 فی صد حصہ زیر زمین واقع ہے۔آزاد کشمیر میں دریائے نیلم پر تعمیر کئے گئے ۔

اِس منصوبے کے اہم حصوں میں نوسیری کے مقام پر تعمیر کیا گیا ڈیم 52 کلو میٹر طویل سرنگوں پر مشتمل زیر زمین واٹر وے سسٹم اور چھتر کلاس کے مقام پر زیر زمین تعمیر کیا گیا پاور ہاؤس شامل ہیں ۔ پاور ہاؤس میں چار پیداواری یونٹ نصب کئے گئے ہیں جن میں سے ہر ایک کی پیداوار ی صلاحیت 242 اعشاریہ 25 میگاواٹ ہے ۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ قومی نظام کو سالانہ اوسطا تقریبا5 ارب یونٹ بجلی مہیا کر ے گا ۔اِس منصوبے کے فوائد کا تخمینہ تقریبا 55 ارب روپے سالانہ ہے ۔ منصوبہ ملک میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔