44

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی گرفتار

کراچی: نجی بینک کے سربراہ اور سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) حکام نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسین لوائی سمیت دیگر پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ اسٹیٹ بینک سرکل میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات پر قائم کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس 2014 میں چند ماہ کے لیے کھولے گئے تھے، ان اکاؤنٹس کی تحقیقات 2015 میں شروع ہوئی تھی اور دباؤ کے باعث ایف آئی اے نے تحقیقات روک دی تھی۔خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے معروف بینکر حسین لوائی کو  منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔

منی لانڈرنگ کے الزام میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی ایف آئی اے سندھ کے سامنے پیش ہوئے اور بیان ریکارڈ کرایا جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ایف آئی اے حکام مطابق معروف بینکر حسین لوائی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں اور ان کو اس سلسلے میں چند روز قبل بیرون ملک جانے سے روکا گیا تھا۔