48

حساس پولنگ اسٹیشنوں کی جیوٹیگنگ کا سکیورٹی پلان

پشاور۔صوبائی پولیس سربراہ خیبر پختونخوا محمد طاہر کو سنٹرل پولیس آفس پشاور میں عام انتخابات2018کی سکیورٹی کے حوالے بذریعہ انفارمیشن ٹیکنالوجی جیوٹیگنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز محمد علی بابا خیل نے مختلف سلائیڈز کی مدد سے صوبہ بھر کے انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنوں کی جیوٹیگنگ کی سکیورٹی پلان کے بارے میں آگاہ کیا۔

آئی جی پی کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ عملے کی تربیت کے لئے آپریشنز روم میں ایک روزہ ورکشاپ کا اہتما م کیاگیا جس میں انہیں عام انتخابات2018کے پرامن انعقاد بذریعہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انتظامات اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ تربیت دی گئی۔

آئی جی پی کو مزید بتایاگیا کہ ورکشاپ کے شرکاء کو سائنسی خطوط پر حساس پولنگ اسٹیشنوں کی جیو ٹیگنگ کے بارے میں تربیت دی گئی آئی جی پی کو یہ بھی بتایاگیا کہ ون کلک پر الیکشن کے بارے میں تمام معلومات فراہم ہوگی جن کی مدد سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات کویقینی بنایاجائے گا اسی طرح سی پی اوکی سطح پر باقاعدہ ایک علیحدہ سیل قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا اور اس میں تعینات عملے کا تمام اضلاع سے بذریعہ ٹیلی فون، وائرلیس اور وٹس ایپ رابطہ ہوگا اور الیکشن کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے بنائی گئی حکمت عملی پر سرعت سے عمل د ر آمدکروائے گا۔

آئی جی پی نے الیکشن 2018کی سکیورٹی بذریعہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا اور ورکشاپ کے شرکاء کوہدایت کی کہ وہ صاف اور شفاف انتخابات کے تمام مراحل بطریق احسن طے کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کریں اور اپنے اپنے اضلاع سے متعلقہ معلومات فوری طور پر الیکشن سیل سنٹرل پولیس آفس کو فراہم کریں آئی جی پی نے مزید ہدایت کی کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات عملے کی مانیٹرنگ کے عمل کو بھی یقینی بنائیں۔