154

با صلاحیت پاکستانی طالبات نے تاریخ رقم کردی

اسلام آباد ۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی با صلاحیت اور ہنر مند طالبات نے انتھک محنت سے ایک مکمل فارمولہ ون کار تیار کرلی ہے جس کا مقصد یورپ کی سطح پر ہونیوالے مقابلوں میں حصہ لینا ہے ۔ فارمولہ سٹوڈنٹس کے نام سے یہ مقابلے برطانیہ میں منعقد ہوتے ہیں جس کا مقصد دُنیا بھر میں طالب علموں کی فنی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا ہے ان مقابلوں سے طلبہ کو فارمولہ کار بنانے کیلئے اپنی صلاحیتیں منوانے کا سنہری موقع ملتا ہے جس کی عالمی سطح پر خوب پذیرائی ہوتی ہے ۔

اس سال یہ مقابلے 13جولائی سے 15جولائی تک سلور سٹون برطانیہ میں منعقد ہورہے ہیں ۔ان مقابلوں کے شرکاء کیلئے فارمولہ ون کار کی کارکردگی ، افادیت ، رفتار اور قوت برداشت دیکھی جائے گی جس پر طالب علموں کی کارکردگی کا معیار پرکھا جائے گا ۔پاکستانی ٹیم جس کو ’عوج‘ کا نام دیا گیا ہے میں 15طالبات شامل ہیں جو مقابلوں میں شرکت کیلئے 9جولائی کو برطانیہ روانہ ہونگی ٹیم کی قیادت عذکہ اخترکررہی ہیں دیگر طالبات میں فاطمہ سہیل ، وردہ جمال، لائبہ لودھیانہ ، سائبل براگنزہ ، صبا زمان، اطہر ہ رؤف شیخ ، زوبیہ نور ،سیدہ العائمہ زہرہ اور حریم اختر شامل ہیں ۔