50

کشمیر یوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ‘نگراں وزیر اعظم

اسلام آباد۔وزیراعظم جسٹس(ر)ناصر الملک نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اپنے جائز حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے یہ بات آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حالت زار کے بارے میں بالخصوص بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام سے وعدہ کردہ ان کے جائز حق خودارادیت کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔