117

پوسٹل بیلٹ پیپردرخواستوں کی وصولی کیلئے ڈیڈ لائن

اسلام آباد۔الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو پوسٹل بیلٹ پیپرکی تمام درخواستیں 20 جولائی تک نمٹا نے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ درخواستیں موصول ہوتے ہی جلد از جلد ضروری تصدیق کے بعد پوسٹل بیلٹ پیپر درخواست دہندہ کوارسال کر دیں اور اپنے پاس درخواستیں جمع نہ کریں، 20 جولائی کے بعد موصول شدہ درخواستیں قابل غور نہیں ہو ں گی۔منگل کو ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے حوالے سے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے مختلف کیٹگریز کے لیے پوسٹل بیلٹ کے حصول کے لیے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو درخواستیں جمع کروانے کے لیے 5 جولائی اور 10 جولائی کی تاریخیں مقرر کر رکھی ہیں۔

تمام سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ایسے افراد بمعہ ان کے بیوی ، شوہر ، بچے جن کا ووٹ اپنی تعیناتی کے مقام پر درج نہیں ہے اور وہ پولنگ کے دن اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشن اس مجبوری کے باعث نہیں جا سکتے وہ 5جولائی تک بیلٹ پیپر کے لئے درخواست دے سکتے ہیں ، ایسے معذور افراد جن کو نادرا کی جانب سے معذور ہونے کی بنا پر مخصوص لوگو والا شناختی کارڈ جاری ہوا ہے وہ بھی 5جولائی تک بیلٹ پیپر کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔

ایسے افراد جو مختلف جیلوں میں قید ہیں یا کسی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہیں وہ بھی 5جولائی تک بیلٹ پیپر کے لئے درخواست دے سکتے ہیں جبکہ انتخابی عملہ و پولیس اور مسلح افواج کے ایسے افراد جو کسی بھی حوالے سے انتخابی ڈیوٹی پر تعینات ہیں وہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے درخواست 10 جولائی تک متعلقہ ریٹرنگ افسران کو ارسال کر سکتے ہیں۔

اس ضمن میں ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ درخواستیں موصول ہوتے ہی جلد از جلد ضروری تصدیق کے بعد پوسٹل بیلٹ پیپر درخواست دہندہ کوارسال کر دیں اور اپنے پاس درخواستیں جمع نہ کریں۔ ریٹرننگ افسران کو یہ ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں کہ 20 جولائی تک وصول کردہ تمام درخواستیں نمٹا دیں۔ 20 جولائی کے بعد موصول شدہ درخواستیں قابل غور نہیں ہو ں گی۔

تمام ریٹرننگ افسر ان 22 جولائی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلے سے جاری شدہ ہدایات کے مطابق تمام پوسٹل بیلٹ پیپر کی جاری شدہ تفصیلات جس میں درخواست دہندہ کا نام ، کیٹگری ، ادارے کا نام ، بیلٹ پیپر جاری کرنے کی تاریخ شامل ہے 22 جولائی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مہیا کریں گے۔