3

سلطان آف جوہر کپ: پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے سلطان آف جوہر کپ 2026 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ جاپان کے خلاف آخری پول میچ 2-2 سے برابر رہنے کے باوجود قومی ٹیم نے زیادہ گول اسکور کرنے کی بنیاد پر فائنل میں جگہ بنائی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جاپان کے درمیان آخری پول میچ میں سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں دونوں ٹیموں نے دو، دو گول اسکور کیے۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے پوائنٹس اور گول فرق برابر تھے، تاہم مجموعی طور پر زیادہ گول کرنے کے باعث پاکستان نے برتری حاصل کرلی۔

جاپان نے پہلے گول کرکے برتری حاصل کی

میچ کے 18ویں منٹ میں جاپان کے یاماڈا سیا نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ پاکستان کی جانب سے حمزہ فیاض نے 34ویں منٹ میں پنلٹی کارنر پر شاندار گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

کھیل کے 42ویں منٹ میں جاپان کے ناکائی کازوکی نے فیلڈ گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو دوبارہ 1-2 سے آگے کردیا، تاہم پاکستان نے فوری جواب دیا۔ صرف ایک منٹ بعد غلام مصطفیٰ نے گول کرکے اسکور 2-2 کردیا۔

زیادہ گول اسکور کرنے پر پاکستان کو برتری

میچ برابر ہونے کے بعد پاکستان اور جاپان دونوں کے چار میچوں میں 7، 7 پوائنٹس تھے، جبکہ دونوں ٹیموں کا گول فرق بھی پلس 8 رہا۔

تاہم پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 18 گول اسکور کیے، جبکہ جاپان کی ٹیم 16 گول کرسکی۔ زیادہ گول کرنے کی بنیاد پر پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کی اور فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنالی۔

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی یہ کامیابی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ قومی ٹیم نے جاپان کے خلاف برابری کے مقابلے کے باوجود بہتر مجموعی گول ریکارڈ کی بدولت ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مرحلے تک رسائی حاصل کی۔