3

وہ ملک جہاں سینکڑوں بوگیوں پر مشتمل ٹرین نے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

دنیا کی سب سے طویل مال گاڑی چلانے کا نیا ریکارڈ جنوبی افریقا نے اپنے نام کرلیا ہے، جہاں 7.6 کلومیٹر طویل ٹرین چلائی گئی، جس میں 696 خالی بوگیاں شامل تھیں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے سرکاری ریلوے آپریٹر ٹرانس نیٹ فریٹ ریل نے لوہے کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے ریلوے ٹریک پر یہ طویل مال گاڑی چلائی۔ اس ٹرین میں بوگیوں کے علاوہ متعدد انجن اور عملے کے لیے مختص بوگیاں بھی شامل تھیں۔

ٹرین کو کنٹرول کرنا بڑا چیلنج تھا

ریلوے انتظامیہ کے مطابق اتنی طویل ٹرین چلانے کے دوران کئی تکنیکی اور آپریشنل مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بالخصوص ٹرین کی رفتار کو قابو میں رکھنا اور اسے محفوظ انداز میں روکنا ایک بڑا چیلنج تھا۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ٹرین کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنے کے لیے بریکنگ اور پاور سسٹمز نے اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلیا کا 25 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا

اس سے قبل دنیا کی طویل ترین مال گاڑی چلانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس تھا، جہاں 2001 میں 682 بوگیوں پر مشتمل ٹرین چلائی گئی تھی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے 696 بوگیوں والی 7.6 کلومیٹر طویل ٹرین چلائے جانے کے بعد یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

ریلوے کے شعبے میں اس کامیابی کو ایک اہم کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اتنی طویل مال گاڑی کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے جدید تکنیکی نظام، مؤثر منصوبہ بندی اور مختلف آپریشنل مراحل کے درمیان رابطہ ضروری ہوتا ہے۔