اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی احتجاج کے ایک مقدمے میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم کی عدالت میں زیرِ سماعت اس مقدمے میں اسد قیصر اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے، جن کی عدم پیشی پر اس سے قبل عدالت نے وارنٹ جاری کیے تھے۔ دوسری جانب، اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے سنگجانی احتجاج سے متعلق کیس میں اسد قیصر کی درخواست پر سات نومبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ اے ٹی سی کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے پولیس کو اسد قیصر کی گرفتاری سے روک دیا اور سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مقدمے کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے، جبکہ کیس کی مزید کارروائی سات نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔









