55

انتخابات میں التوا ء کسی صورت قبول نہیں ‘ فواد چوہدری

اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف انتخابات میں التواء قبول نہیں کرے گی ،ہم نوازشریف اور(ن)لیگ کے بیانیہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، وہ انتخابی نتائج کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، پٹرول کی قیمت میں اضافے کی ذمہ داری نواز شریف اور ان کی معاشی ٹیم پر عائد ہوتی ہے، (ن) لیگ والے آپس میں طے کر کے بتا دیں کہ معاشی بدحالی کی ذمہ داری اسحاق ڈارپر آتی ہے یا مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی پرآتی ہے۔

سیاست تشدد سے پاک ماحول میں ہوتی ہے، بلاول پر پتھراؤ کی ہم مذمت کرتے ہیں ، الیکشن کمیشن کی ناکامی ہے کہ وہ نفرت انگیز تقاریر پر قابو نہیں پا رہا، سوشل میڈیا پر مسلکی بنیادوں پر مہم چلائی جا رہی ہے ،الیکشن کمیشن ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا ہوا ہے، انتظامیہ کے تبادلے سست روی کا شکار ہیں۔پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں انتخاب کے التواء کی باتیں جو کچھ عرصہ پہلے زور و شور پر تھیں اب کم ہو گئی ہیں، تحریک انصاف انتخابات میں التواء قبول نہیں کرے گی ،لیکن کچھ چیزیں چل رہی ہیں ،کچھ فاٹا کے لوگوں کی طرف سے احتجاج جاری ہے کہ فاٹا میں صوبائی الیکشن قومی اسمبلی کے الیکشن کے ساتھ کرائے جائیں وہ درست مطالبہ ہے، لیکن الیکشن اپنے وقت پر ہونا اہم ہے۔

احتجاج کرنے والے واپس جائیں اور قومی اسمبلی کے انتخابات پر حصہ لیں، ہمارا وعدہ ہے کہ فاٹا کے انضمام کو مکمل کیا جائے گا، فاٹا کے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کرانا ہماری ذمہ داری ہے، احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے حق میں ووٹ دیں، انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ کی طرف سے مسلسل ایک بیانیہ چلایا جا رہا ہے خصوصاً نواز شریف، مریم نواز اور ان کے حواریوں کی طرف سے، جس کے ذریعے آپ انتخابات کو متنازعہ کرنا چاہتے ہیں، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر بات کررہے ہیں اور فوج کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، فواد چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب کے معاملے میں حسین حقانی جس طرح ملوث ہوئے ۔

ریحام خان کی کتاب آنے سے پہلے ہی پٹ گئی، افتخار چوہدری بھی پہلے ہی پٹ گئے، فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نوازشریف اور(ن)لیگ کے بیانیہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، وہ انتخابی نتائج کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، نواز حکومت کی یہ منظم کوشش تھی جس سے براہ راست نقصان پاکستان کو پہنچا، ہم ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں آ گئے، ہم بارہا یہ بات کر رہے تھے کہ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل کی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی طور پر بینک کرپٹ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 7روپے اضافہ ایک دن میں ہوا، اس کی ذمہ داری نواز شریف اور ان کی معاشی ٹیم پر عائد ہوتی ہے، (ن) لیگ والے آپس میں طے کر کے بتا دیں کہ معاشی بدحالی کی ذمہ داری اسحاق ڈارپر آتی ہے یا مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی پرآتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا ایک طوفان آیا ہے، پہلے تیل مہنگا ہوا ہے اب بجلی ہو گی،الیکشن کمیشن کی کوتاہیاں موجود ہیں، ہم نے مطالبہ کیا تھا چاروں گورنرز کو تبدیل کیا جائے۔

خیبر پختونخوا کا گورنر انتظامی سربراہ ہے قبائلی علاقوں کا، گورنر پنجاب کے بیٹے الیکشن لڑ رہے ہیں، محمود اچکزئی کے بھائی گورنر بلوچستان ہیں،سندھ میں زرداری صاحب کے بہنوئی سیکرٹری لگے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ پر لوگوں کا رد عمل ہے ہم اس کو سپورٹ نہیں کرتے، سیاسی عمل کا غیرمتشدد رہنا بہت ضروری ہے، سیاست تشدد سے پاک ماحول میں ہوتی ہے، بلاول پر پتھراؤ کیا گیا۔

اس کی ہم مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کو 500لوگوں پر ایف آئی آر کرانے سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا، الیکشن کمیشن کی ناکامی ہے کہ وہ نفرت انگیز تقاریر پر قابو نہیں پا رہا، سوشل میڈیا پر مسلکی بنیادوں پر مہم چلائی جا رہی ہے ، مسلک کی بنیاد پر مہم چل رہی ہے،الیکشن کمیشن ہاتھ پر ہاتھدھرے بیٹھا ہوا ہے، انتظامیہ کے تبادلے سست روی کا شکار ہیں، ڈی ایس پیز کے تبادلے ابھی تک نہیں ہوئے، ان کو تاہیوں کے باوجود ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن پر امن انتخابات کا انعقاد کر پائے گا۔

پی ٹی آئی کا تعاون الیکشن کمیشن کو حاصل ہے، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ نے اداروں کو تباہ کر دیا ہے، مفلوج کر دیا ہے، پی ٹی وی کو انہوں نے پروپیگنڈا ٹول کے طور پر استعمال کیا ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کو سرکاری چینل نے پنامہ فیصلے کے کوریج دی،ہم نے کمیٹی میں رپورٹ طلب کی، ان کو کوریج نہیں ملنی چاہیے تھی۔