80

ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت ایک عذاب سے گزرا ہوں،عمران خان

 اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت ایک عذاب سے گزرا ہوں۔

اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے وقت میں ایک عذاب سے گزرا ہوں کیوں کہ ہزاروں امیدوار تھے لیکن ٹکٹ کسی ایک کو دینا تھا جب کہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر ٹکٹ دینا ایک بہت بڑا مسئلہ تھا کیوں کہ ہمیں ایسی خواتین کو ٹکٹ دینا تھا جو قانون جانتی ہوں تاکہ وہ اسمبلی میں پارٹی کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرسکیں۔

   چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مخالفین نے میرے اوپر 32 مقدمات بنوائے جب کہ اوروں کے ساتھ پتہ نہیں کیا کرتے ہوں گےحالانکہ  شریف فیملی پانامالیکس میں رنگوں ہاتھوں پکڑی گئی  اس کے باوجود یہ لوگ ملک بھر میں رو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا کوئی ایک فرد بھی پاکستان میں علاج نہیں کراتا اور آصف زرداری بھی جہاز پکڑ کر بیرون ملک علاج کرانے چلے جاتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے قرضوں کی انتہا کردی، گزشتہ 10 سالوں کے دوران 6 ہزار ارب سے 27 ہزار ارب قرضہ چڑھ گیا ہمارے پاس کون سا اثاثہ ہے جس سے قرضہ اتاریں گے، جب آصف زرداری اور نوازشریف آئےتھے تو ڈالر60 روپے تھا لیکن آج 124 روپے کا ہے، کرپشن تب ختم ہوگی جب وزیراعظم اور وزراء کرپشن نہ کریں۔  انہوں نے کہا کہ اب عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے اور انشاءاللہ میں اس ملک سے ڈبل ٹیکس اکٹھا کرکے دکھاؤں گا جب کہ نیب اور ایف بی آر جیسے اداروں کو بہتر کریں گے۔