لاہور۔ بولی وڈ میں ہر دور میں مسلسل نت نئے اداکار سامنے آتے رہتے ہیں جن میں کچھ کامیاب، کچھ ناکام اور کچھ سپر اسٹار بن جاتے ہیں، مگر کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کا آغاز بہت اچھا ہوتا ہے اور لگتا ہے کہ وہ بہت آگے جائیں گے مگر پھر وہ اچانک ہی کہیں گم ہوجاتے ہیں۔
امیشا پٹیل نے کہو ہے نا پیار ہے جیسی بلاک بسٹر کے ذریعے بولی وڈ میں تہلکہ خیز انداز میں قدم رکھا اور پھر غدر جیسی آل ٹائم ہٹ دی، انہوں نے اس فلم میں اپنی اداکاری پر کئی ایوارڈز بھی جیتے۔ اس کے بعد بھی وہ اچانک پردہ اسکرین سے غائب ہو گئیں
مسلسل بلاک بسٹر فلمیں دینے اور بالی ووڈ انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں شامل ہونے کے بعد دراصل انہیں ایک مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب امیشا کا اپنے والد کے ساتھ اختلافات کا معاملہ سامنے آیا، اور انہوں نے اپنے والد کے ساتھ 5 سال پر محیط طویل قانونی جنگ لڑی، انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے والد نے سخت محنت سے کمایا گیا ان کا پیسہ جس کی مالیت 12 کروڑ بنتی ہے، ان سے دھوکے سے ہتھیا لیا ہے، کیس 5 سال تک چلا جس کے بعد امیشا نے کیس واپس لے لیا، اس سارے عرصے میں ان کو فلم ڈائریکٹر وکرم بھٹ کی معاونت حاصل رہی ۔
اس طویل قانونی جنگ کی وجہ سے وہ فلم انڈسٹری سے دور ہوتی گئیں، اور اس عرصے کے بعد انہوں نے مختلف کرداروں کیساتھ بالی ووڈ میں دوبارہ انٹری دی تاہم اب کی بار انہیں صرف سائیڈ رولز ہی مل سکے۔