89

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی این اے 57 مری سے نااہل قرار

الیکشن کمیشن پاکستان ( ای سی پی ) کے ایپلٹ ٹریبیونل نے این اے 57 مری سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔

ایپلٹ ٹریبیوںل جسٹس عباد الرحمٰن لودھی نے شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف دائر اپیل پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست گزار کے اعتراضات کو منظور کرلیا۔

خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف مسعود احمد عباسی نے درخوست دائر کی تھی، جس میں ٹمپرنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ درخواست گراز نے اعتراض کیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے لارنس کالج کے جنگل پر قبضہ کر رکھا ہے، ایف سیون ٹو میں مکان کی ملکیت بھی کاغذات نامزدگی میں کم لکھی گئی ہے۔

تحریر جاری ہے‎

درخواست گزار کی جانب سے اعتراض کیا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں پہلے ایک سو روپے والا اسٹیمپ پیپر لگایا گیا، بعدازاں 5 سو روپے والا لگایا گیا۔

بعد ازاں ایپلٹ ٹریبیونل نے اپنے دیے گئے تحریری فیصلے میں شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔

اپیلٹ ٹربیونل کے جسٹس عباد الرحمٰن لودھی نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں کہا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایف سیون ٹو کے مکان کی ملکیت 3 لاکھ ظاہر کر کے ڈھائی کروڑ کا قرضہ لیا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نے ریٹرنگ آفیسر حیدر علی کے سامنے کاغذات نامزدگی میں دوبارہ ردوبدل کیا جبکہ ریٹرنگ آفیسر نے اختیارات سے تجاوز کر کے کاغذات نامزدگی میں رد و بدل کی اجازت دی۔

فیصلے میں جسٹس عباد الرحمٰن نے کہا کہ یہ فیصلہ دے کر میرے جوڈیشل کیریئر کی الٹی گنتی شروع ہوگئی۔