99

نگران وزیراعظم سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

 اسلام آباد: نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی۔

 نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوئی۔ ترجمان وزیراعظم کے مطابق  نگران وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں ملک میں ہونے والے عام انتخابات سے متعلق بات چیت اور تیاریوں پر گفتگو کی گئی جب کہ پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور و صلاحیتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل نگراں وزیراعظم ناصرالملک کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز اور الیکشن کمیشن حکام بھی شریک تھے، اجلاس کے دوران چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے انتظامی معاملات پر شرکا کو آگاہ کیا،چاروں صوبائی آئی جیز نے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق رپورٹ پیش کی، الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی پر بھی بریفنگ دی۔ الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔

نگراں وزیر اعظم نے انتخابات کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا، انہوں نے کہا کہ صاف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا بروقت انعقاد نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے اور انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔