46

ایجنسی کو آرڈینیٹرزپر انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی

پشاور۔خیبر پختونخوا کے سابقہ قبائلی علاقوں کیلئے قائم فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپنے تمام ایجنسی (ضلعی) کو آرڈینیٹرز پر انتخابی مہم کے دوران کسی بھی سیاسی جلسے جلوس میں شرکت کرنے یا بے گھر افراد سے متعلق تقاریب سیاسی رہنماؤں یا انتخابی امیدواروں کو مدعو کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام کو آرڈینیٹرز پر واضح کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف محکمانہ انضباطی کارروائی کی جائے گی اس سلسلے میں فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق کو آرڈینیٹرز کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے زیر انتظام علاقوں میں این جی اوز یا آئی این جی اوز کے امیدواروں کے انتخابی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے کو بھی یقینی بنائیں گے۔

ایف ڈی ایم کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق تمام ایجنسی کو آرڈینیٹرز کے نام جاری ہونے والے احکامات میں انہیں ہدایت کی گئی ہے ان کے کسی بھی سیاسی امیدوارکے جلسے یا جلوس میں شرکت کرنے پر مکمل پابندی ہوگی اسی طرح تمام ایجنسی کو آرڈینیٹر انتخابی مہم کے دوران مکمل طور پر غیر جانبدار رہیں گے اور کسی بھی انتخابی امیدوار یا ان کے نمائندے کو بھی قبائلی بے گھر افراد سے متعلق تقاریب میں بھی مدعو نہیں کریں گے ۔

ایجنسی کو آرڈینیٹر ز کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی بھی این جی اوز یا آئی این جی اوز انتخابی مہم یا اس کے متعلق سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے اعلامیہ میں ایجنسی کو آرڈیینٹرز پر واضح کیا گیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے ایجنسی کو آرڈینیٹرز کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔