120

عملہ صفائی غائب ٗ پشاور کی سڑکوں پر گندگی کے پہاڑ

پشاور۔صوبائی داراحکومت میں عیدالفطر پر صفائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ٗ غیر سرکاری عید کے پہلے دن عملہ صفائی غائب رہا جبکہ پشاور کی سڑکوں پر گندگی کے پہاڑ کھڑے ہوگئے ٗمستقل ڈمپنگ گراؤنڈ نہ ہونے کے معاملے نے ایک مرتبہ پھر سر اٹھا لیا عیدالفطر سے قبل ڈبلیو ایس ایس پی حکام اور میونسپل یونین کے عہدیداروں کے مابین عید ایام میں شہر کی صفائی اور نکاسی بارے اتفاق ہوا تھا ۔

تاہم پشاور میں عید کے پہلے دن گلی محلوں میں بھی صفائی نہیں کی گئی جس کے باعث صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے پشاور میں ڈمپنگ گراؤنڈ نہ ہونے کے باعث شہر کی سڑکوں پر گندگی کے پہاڑ کھڑے ہو چکے ہیں جن سے اٹھنے والے تعفن نے قریبی رہائشیوں کی زندگی اجیران کر د ی ہے یہ گندگی مختلف امراض پھیلانا کا سبب بھی بن رہی ہے۔

عید کے ایام میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نکاسی آب کے مسئلے نے بھی سر اٹھا لیا ہے اور وارث آباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں نالے ابلنے کے واقعات سامنے آئے ہیں عوام نے مذکورہ صورتحال پر شدید احتجاج کی دھمکی دی ہے ۔