75

نگران وزیر اعلیٰ کا عوامی شکایات کے ازالے کا حکم

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) دوست محمد خان نے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کا طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ غریب عوام کو خدمات کی بلا تعطل فراہمی کیلئے کڑی نگرانی ہونی چاہئے انہوں نے پانی کے غیر قانونی کنکشن کی رجسٹریشن کا عمل تیز رفتاری سے مکمل کرنے جبکہ پانی کے تحفظ کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی اور اس مقصد کیلئے میڈیاکے استعمال، عوامی مقامات پر اشتہارات اور دیگر قابل عمل ذرائع بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس عظیم قدرتی نعمت کا تحفظ ترجیحات میں سر فہرست ہونا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی طرف سے کمپنی کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے دوران کیا وزیر اعلیٰ کو کمپنی کے وژن ، مشن ، سروس ایریا، سکوپ، اختیارات اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی نگران وزیر اعلیٰ نے کمپنی کو پانی کے تحفظ کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ دور حاضر کا انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے پانی بدستور نیچے جا رہا ہے ، ہمیں اس سلسلے میں معاشرے کو چوکنا رکھنے کی ضرورت ہے ، کمیونٹی کے تعاون کے بغیر اس مسئلے سے نمٹنا مشکل ہو گا انہوں نے تنبیہ کی کہ لکیر کی فقیری سے باہر نکلیں اور جدید ٹیکنیک اپنائیں آئندہ پندرہ سے بیس سالوں میں یہ مسئلہ مزید سنگین نوعیت اختیار کر لے گا اور پانی پر جنگیں لڑی جائیں گی۔

ہمیں پانی کے ضیاع کے خلاف معاشرے کی ذہن سازی کرنی ہے انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام اس قومی مسئلے پر کسی کے دباؤ میں نہ آئیں حکومت ہر ممکن مدد کرے گی دوست محمد خان نے کہا کہ پانی کے غیر قانونی کنکیشنز کی رجسٹریشن کا عمل تیز رفتاری سے مکمل ہونا چاہئے حرام خوری کسی بھی صورت میں ہو قابل گرفت ہے اسکو چھوٹ نہیں دینی چاہئے ہم اپنے اختیارات اور کردار میں اللہ تعالیٰ کو جواب دہ ہیں اسلئے آب و ہوا جیسی حیات بخش نعمتوں کے تحفظ اور ان کو آلودگی سے بچانے کیلئے محنت کرنا ہو گی انہوں نے ہدایت کی کہ پانی کو ضیاع سے روکنے اور آلودگی سے بچانے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو باقاعدگی کے ساتھ مانیٹر کریں انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات اور گھروں میں پانی کا ضیاع بہت بڑی تباہی ہے اسے روکنا ہو گادوست محمد خان نے کہاکہ آلودہ پانی اور ہوا سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اس لئے اس اہم کام میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے آج جو کام لاکھوں میں ہو سکتا ہے کل وہی کام اربوں میں کرنا پڑے گا انہوں نے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لانے کی ہدایت کی پانی آئندہ نسلوں کی امانت ہے علماء کرام کو چاہئے کہ وہ بھی عوام کو پانی کے استعمال اور اسکی اہمیت سے آگاہ کریں۔