76

عمران خان، بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعاگو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کی دعا کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے لکھا، 'ہماری دعائیں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہیں، اللہ انہیں شفائے کاملہ عطا فرمائے'۔

واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔

گزشتہ رات کلثوم نواز کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں، جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا۔