52

پشاور میں موٹر سائیکل کے نمبر تبدیل کرنیوالا گروہ گرفتار

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے چیسز اورانجن نمبر تبدیل کرنیوالے گروہ کوگرفتار اوزار اوردیگر سامان برآمد کرلیاپشاور پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ دنوں سنٹرل جیل پشاورکے سامنے سے ایک موٹر سائیکل چوری ہوئی تھی جس کا ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ وسیم ریاض کو جلد از جلد موٹر سائیکل چور کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی اور ان کی ہدایت پر قائم ڈی ایس پی کینٹ او ایس ایچ او شرقی دوست محمد خان پر مشتمل خصوصی ٹیم نے کاروائی کرکے 2 ملزمان عبد المجید ولد انور تاج ساکن شبقدر اور جاوید ولد غیاث الدین ساکن افغانستان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 6 عدد سرقہ شدہ موٹر سائیکل بھی بر آمدکر کے جیل منتقل کیا گیا ہے ۔

دونوں ملزمان نے اعتراف کرتے ہوئے بتایاکہ سنٹرل جیل کے سامنے سے موٹر سائیکل انہوں نے چوری کرکے بیس ہزار روپے پر فروخت کیا ہے ملزمان نے دوران انٹاروگیشن مزیدانکشاف کیا تھا کہ وہ مو ٹر سائیکلیں چوری کرنے کے بعد عبد الجلیل ولد حاکم عرف پہلوان سکنہ ماشوگگر کے پاس لے جاکر اس سے موٹر سائیکل کے چیسز اور انجن نمبرات تبدیل کراتے ہیں پولیس نے چھاپہ مار کراسے بھی آلات سمیت گرفتارکرلیا۔